توہین عدالت کیس، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن سے جواب طلب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن سے جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم مقام چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی تعیناتی پر وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے ؟

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم کو اس کیس میں پارٹی بنایا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کی تعیناتی کے حوالے سے عدالت کے 29 دسمبر 2017 کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور قائم مقام چیئرمین سی ڈی سے کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں سی ڈی اے میں نو ہزار سے زائد غیر قانونی ترقیوں کا انکشاف

وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے سے متعلق میرٹ پر اورقانون کو مدنظر رکھ کر تعیناتی کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بطور چیئرمین سی ڈی اے تعیناتی کو کالعدم قرار دیا تھا۔ جنہیں 6 سمتبر 2016 کو قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے مقرر کیا گیا تھا۔

جسٹس اطہر امن اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ سول سروس کیسے چیئرمین سی ڈی اے ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سلام آباد کے دو شہریوں نے شیخ انصر عزیز کی بطور چیئرمین سی ڈی اے تقرری چیلنج کی تھی۔


متعلقہ خبریں