پاک آسٹریلیا سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا

پاک آسٹریلیا سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ مقابلوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ سیریز 22 سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1975 سے لے کر اب تک98 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 62 ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان صرف 32 میچوں میں فتح یاب ہوسکا۔

متحدہ عرب امارات میں بھی آسٹریلیا کا ریکارڈ پاکستان کے مقابلے بہتر ہے۔ 14 میچوں میں سے آسٹریلیا نے8 بار پاکستان کو یواے ای کے میدانوں میں شکست سے دوچار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک آسٹریلیا سیریز: قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریزجنوری 2017 میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان کو1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دبئی میں میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریزاکتوبر2014 میں کھیلی گئی جس میں پاکستانی ٹیم نے0۔3 سے شکست کھائی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں دو سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل آئیں گی مگر اس دوران ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان نےآسٹریلیا کوہرایا ہے۔

آسٹریلین ٹیم نے بھارت کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں بھارت کو اسکے ہوم گراؤنڈ میں دھول چٹا کر پاکستان کے لیے خطرےکی گھنٹی بجادی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں  قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔ سیریز میں سرفراز احمد کو آرام دیا گیا ہے ان کی جگہ رضوان وکٹ کیپنگ کا فریضہ انجام دیں گے۔


متعلقہ خبریں