سانحہ کرائسٹ چرچ تمام مذاہب کے لوگوں کو یکجا کر گیا، مولانا نظام الحق تھانوی


اسلام آباد: معروف عالم دین مولانا نظام الحق تھانوی نے کہا کہ اللہ نے ایک انوکھا موقع  دیا کہ مجھے نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں تلاوت کا شرف حاصل ہوا جو میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں سانحہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری انسانیت سانحہ کرائسٹ چرچ پر افسردہ ہے اور خون کے آنسو رو رہی ہے، یہ واقعہ تمام مذاہب کے لوگوں کو یکجا کر گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے باسی تو شکر ادا کر رہے ہیں کہ قاتل کا تعلق نیوزی لینڈ سے نہیں تھا، دہشت گرد نے جس درندگی سے معصوم لوگوں کی جانیں لی اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے نیوزی لینڈ کی قوم کو یکجا کر دیا ہے لوگ آج بھی اس مسجد کے باہر جا کر پھول رکھ رہے اور مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید پاکستانیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے، اس واقعے کے بعد کرائسٹ چرچ کے میدان میں لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں اذان دی گئی۔

مقدمات کے باعث بلاول بھٹو پر بہت دباؤ ہے، ندیم افضل چن 

رہنما پاکستان تحریک انصاف ندیم افضل چن نے کہا کہ مقدمات کے باعث بلاول بھٹو پر بہت دباؤ ہے تاہم آج کا ان کا بیانیہ انتہائی نامناسب تھا، بلاول بھٹو  کو آصف علی زرداری اپنے مقاصد کے لئے بار بار استعمال کر رہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پلوامہ والے معاملے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں تھا اور اس سے متعلق حکومت نے ایک واضح موقف دیا، عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

شہریار آفریدی کے حوالے سے مجھے شدید تحفظات ہیں، محمد زبیر

رہنما پاکستان مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے تھا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے حوالے سے پی ایس ایل کی تقریب میں لواحقین کے حق میں کوئی بات کرتے ۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی بھی اس تاثر کی حمایت نہیں کرتا کہ اسد عمر کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی رابطہ ہے میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں تاہم شہریار آفریدی کے حوالے سے مجھے شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شیخ رشید کو حافظ سعید سے متعلق بیان پر فارغ کرے۔

بھٹو کے اصل وارثوں کے لئے آج لوگوں نے لاٹھیاں کھائی ہیں، پلوشہ خان 

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی پلوشہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم تشدد پر اکسانے سے متعلق بیانات دیں وہ ٹھیک ہے اور ہم اپنے حق کے لئے احتجاج کریں وہ سب غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کے اصل وارثوں کے لئے آج لوگوں نے لاٹھیاں کھائی ہیں، یہ بھی حقیقت ہے کہ جب طالبان سوات میں پاکستانیوں کے گلے کاٹ رہے تھے، اس وقت ان کے لیڈر ان سے دوستی کی بات کرتے تھے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں