جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: وزیراعلیٰ سندھ 26 مارچ کو طلب


راولپنڈی: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو 26 مارچ کو طلب کر لیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں طلب کیا گیا۔ ان کو اولڈ نیب ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ٹھٹھہ شوگر مل سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ مراد علی شاہ کو طلبی کا باقاعدہ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہم نیوز نے دو ماہ قبل خبر دی تھی کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

آج آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کو  بیان رکارڈ کرادیا جن سے لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت دو کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ بلاول بھٹو سے بھی اسی متعلق سوالات پوچھے گئے ۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے نیب سے وقت مانگا ہے کہ جوسوالات دیے گئے ہیں انکے جوابات تحریری طور پر دیں گے۔

نیب میں پیشی کے بعد بلاول بھٹو کے باہر نکلنے سے قبل میڈیا نمائندوں اور جیالوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جس سے دو کیمرا مین زخمی ہوئے۔ بلاول بھٹو نادرا چوک پر پہنچے تو انہوں نے گاڑی کی چھت پر چڑھ کر میڈیا کارکنوں سے ہاتھ جوڑ کر معذرت بھی کی۔

اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سےمختصرخطاب بھی کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نیب کے کردار سے واقف ہیں۔ نیب مشرف کا بنایا گیا ادارہ ہے ، یہ ادارہ پولیٹیکل انجینئرنگ  کے لیے بنایا گیا۔ 2002میں اس ادارے کی وجہ سے پیپلزپارٹی کا الیکشن چرایا گیا۔ اسی کی مدد سے پیٹریاٹ بناکر پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالاگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری غلطی تھی کہ ہم نے نیب کےقانون میں درستگی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آمروں کے کالے قوانین آئین سے نکال دینگے۔

 


متعلقہ خبریں