نیب ہیڈکوارٹر کے باہر ہنگامہ آرائی، پی پی پی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈ کوارٹر کے باہر ہنگامہ آرائی کے معاملے پر حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مقدمات ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت درج ہوں گے۔

سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے خلاف  ھی کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرنے کا  فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مصطفیٰ نواز کھوکھر پر پولیس اہلکار کو زدوکوب کرنے اور دھمکانے کا بھی الزام ہے۔

مقدمات میں دفعہ 144 کی خلاف وزری بھی شامل ہو گی جبکہ پولیس نے پیمرا کے ذریعے تمام ٹی وی چینلز کی فوٹیج منگوا لی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوٹیج کے ذریعے ہنگامہ آرائی اور کار سرکار  میں مداخلت کے مرتکب  افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیے جائیں گے۔ نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر ہنگامہ آرائی کے دوران 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ آج پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر بڑی تعداد میں پی پی پی کارکنان جمع ہوگئے تھے۔

جیالوں کی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی جس میں متعدد کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بعدازاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاتھا۔


متعلقہ خبریں