ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔

معزز مہمان اپنے تین روزہ دورے کے دوران یوم پاکستان کے حوالے سے 23 مارچ کو منعقد ہونے والی پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کا اسلام آباد پہنچنے پراستقبال وزیراعظم عمران خان نے خود کیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم اپنے دورے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ہمراہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے جو پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ممکن ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیر محمد 21 سے 23 مارچ  کے دوران پاکستان میں قیام کریں گے۔ انہیں دورے کی دعوت وزیراعظم نے دی تھی۔

نومبر 2018 میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے ‏نہایت گرمجوش استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے شکریے کی ادائیگی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے پرتکلف ظہرانے کے اہتمام پر وزیراعظم کی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔


متعلقہ خبریں