کرائسٹ چرچ: پاکستانی شہید اریب احمد کی نماز جنازہ اداکردی گئی


کرائسٹ چرچ: کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی سید اریب احمد کی نماز جنازہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ادا کردی گئی۔ سید اریب احمد کی میت آئندہ ہفتے پاکستان لائی جائے گی۔

27 سالہ سید اریب احمد نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پرگزشتہ جمعہ کے دن ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید اریب کی میت منگل تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک نے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 9 پاکستانیوں میں سے سات کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔

انہوں نے اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا کہ نعیم رشید اور طلحہ رشید کی میتیں بھی آج ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔

پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک نے ہم نیوز کو بتایا کہ باقی پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ جمعہ کے دن ادا کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 9 میں سے آٹھ پاکستانی شہدا کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی کی جائے گی جب کہ سید اریب احمد کی میت پاکستان لانے کے انتطامات کیے جارہے ہیں۔

فیڈرل بی ایریا کراچی کے رہائشی 27 سالہ سید اریب احمد پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے اور نیوزی لینڈ ہی میں مقیم تھے۔


متعلقہ خبریں