ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان آئندہ ہفتے امریکہ میں ملاقات ہوگی

ٹرمپ اور نتن یاہو کے درمیان آئندہ ہفتے امریکہ میں ملاقات ہوگی

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔

عالمی خبررساں ایجسنی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بطور خاص مشرق وسطیٰ کے امور پر غور کیا جائے گا۔

امریکہ اور اسرائیل کے سربراہان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے دونوں سربراہان کے درمیان آئندہ ہفتے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اورنتن یاہو امریکہ اسرائیل مشترکہ مفادات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات گفتگو کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے حوالے سے خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما منگل کو عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق عشائیہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم کے اعزاز میں دیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلان اس ملاقات کے فوری بعد کیا گیا ہے جو امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ہوئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ اور موجودہ سیکریٹری آف اسٹیٹ مائک پومپیو اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ’ایرانی جارحیت‘ کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

مغربی خبررساں ایجنسی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یروشلم میں ہونے والی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ جب اسرائیل میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں صرف دو ہفتے رہ گئے ہیں۔

نتن یاہو کو اندرون ملک متعدد حوالوں سے سیاسی طور پر نہ صرف سخت مشکلات درپیش ہیں بلکہ بمعہ اہلیہ وہ کئی بدعنوانی کے الزامات کی زد میں بھی ہیں۔

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے گوکہ واضح کیا ہے کہ انیتن یاہو سے ان کی ہونے والی ملاقات اسرائیلی انتخابات میں کسی بھی طرح کی مداخلت کا باعث ہوسکتی ہے۔

مائک پومپیو نے گزشتہ ماہ مشرق وسطیٰ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ دیگر مسائل کے علاوہ ایران کو خطے میں جارحیت سے روکنے کے لیے عرب سمیت اسرائیل کی مشاورت درکار ہے۔

نیتن یاہو نے کہا تھا کہ تل ابیب شام میں ایران کے بڑھتے ہوئی عسکری عمل دخل کو روکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حقیقت کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں کہ امریکہ ہمارے عمل کی حمایت کرے گا جیسا ہم بھی کرتے ہیں۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو اس وقت ایران کے خلاف نئی حمایت کے حصول کی خاطر مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ وہ کویت کے بعد اسرائیل پہنچے تھے اور اس کے بعد لبنان روانگی بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں