بلاول کی کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر عمران خان کو مبارکباد

بلاول کی کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر عمران خان کو مبارکباد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو کٹھ پتلی قرار دے کر کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر مبارکباد دے دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں کٹھ پتلیوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے عمران خان کو مبارکباد دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے عالمی کٹھ پتلی کے دن کو عمران خان پر تنقید کے لیے استعمال کرتے ہوئے عمران خان کو ٹیگ بھی کر دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی گزشتہ کچھ عرصہ سے مسلسل عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بار بار کٹھ پتلی وزیر اعظم قرار دے رہے ہیں۔

اس سے قبل دسمبر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مہنگائی کے باعث غریب کی چیخ دھاڑ میں بدل رہی ہیں اور یہ دھاڑ حکومت کو گرا دے گی۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ‏سندھ سے چیخیں آ رہی ہیں، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس نہیں دی جارہی۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں ہورہی سازشوں کو ناکام بنائیں گے،بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے پاکستان سے چیخیں آرہی ہیں کہ بجلی مہنگی، گیس مہنگی، پٹرول مہنگا۔ چیخیں آ رہی ہیں کہ غریب کے سر پر نہ چھت، نہ پیٹ میں روٹی، چیخیں آ رہی ہیں غریب کے نہ تن پہ کپڑا ہے۔ یہ چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں اور یہُ دھاڑ آپ کی حکومت گرادے گی۔

اس سے قبل بھی بلاول بھٹو نے اپنے ایک بیان  میں کہا تھا کہ ہم مل کر عوام دشمن طاقتوں کو شکست دیں گے۔ ہم اس یوٹرن حکومت کا راستہ روکیں گے۔  ملک کو محترمہ بےنظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ غیر جمہوری قوتوں اور ان کے لاڈلوں سے رہا ہے لیکن ایک اور لاڈلہ میدان میں اتارا گیا ہے جو انوکھا لاڈلہ ہے جس نے کھیلنے کو چاند مانگا تو پورا ملک اس کے حوالے کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں