بہاول پورمیں استاد کا قتل، مقتول کے بیٹے کو بھی جان کا خطرہ

بہاول پورمیں استاد کا قتل، مقتول کے بیٹے کو بھی جان کا خطرہ

فوٹو:ہم نیوز


بہاولپور:بہاولپور پولیس کی طر ف سے گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج کے  شعبہ انگریزی  کے پروفیسر کے قتل کی تفتیش جاری ہے ۔ مقتول کے بیٹے نے اپنی جان کے خطرے کے خدشے کا اظہار کیاہے۔

گرفتار ملزم  خطیب حسین کو  جسمانی ریمانڈ کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے۔

گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج  بہاولپور کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر  خالد حمید کے قتل پر ان کے اہل خانہ اور طلبہ غم سے نڈھال ہیں ۔مقتول پروفیسر کے بیٹے  ولید خان نے والد کے قتل کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ولید خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی اپنی زندگی بھی خطرے میں ہے ۔

اُدھر ایس ای کالج انتظامیہ کی جانب سے کالج کی چھٹیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ کالج انتظامیہ نے چھٹیاں ختم کرکے کل بروز 22 مارچ سے دوبارہ کالج کھولنے کا نوٹفکیشن جاری کردیا ہے ۔

ڈی ایس اے پروفیسر امتیاز لودھی نے کہا ہے کہ تمام ڈپارٹمنٹس کے ہیڈز کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔ ہم سانحہ کے خوف سے تدریسی عمل کو نہیں روکنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ تدریسی عمل میں رکاوٹ بننے والے شر پسند عناصر کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم زندہ قوم ہیں۔کالج کےطلباءوطالبات بھی شرپسندعناصرکومات دینےکےلئےپرجوش ہیں۔

مقتول پروفیسر کے بیٹے ولید خان کی مدعیت میں ملزم خطیب حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:بہاولپور: طالب علم نے چھریوں کے وار سے اپنے ہی استاد کو قتل کردیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح 8اور 9بجے کے دوران بہاولپور کے گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج میں طالب علم نے چھریوں کے پے درپے وار کرکے اپنے ہی استاد پروفیسر خالد حمید کو قتل کردیا تھا۔ گرفتار ملزم نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ وہ کالج  کی فئیر ویل تقریب میں لڑکیوں کی شرکت کا قائل نہیں ہے۔ اسی بنا پر اسکی کی استاد سے تکرار بھی ہوئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ  گزشتہ صبح اسوقت پیش آیا جب شعبہ انگلش کے پروفیسر خالد حمید اپنے دفتر میں اکیلے بیٹھ کر پیپر چیک کررہے تھے کہ ان کا شاگرد خطیب حسین آیا جس نے بات کرنے کے بہانے ان پر چھریوں کے وار کردیئے۔

ڈی پی او بہاولپور امیر تیمور خان نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا تھا کہ  ملزم کو گرفتار کرکے دفعات 302 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مقدمے کی تفتیش کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن سلیم نیازی کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم بنادی گئی۔

امیر تیمور خان کے مطابق مقدمے کی تفتیش کیلئے ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی خدمات بھی لی جائیں گی۔

ڈی پی او بہاولپور نے مزید کہا کہ مقدمے کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں