یوم پاکستان، آئی ایس پی آر کے نئے پروموز

یوم پاکستان 23 مارچ کی تقریبات

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم پاکستان کے حوالے سے ایک اور نیا پرومو جاری کر دیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ نئے پرومو میں ’’ میڈیا کی آواز، پاکستان زندہ آباد‘‘ کی ٹائم لائن دی گئی ہے۔

جاری کردہ نئے پرومو میں پاکستان کے صحافیوں کو پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے دکھایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پرومو 40 سیکنڈز پر مشتمل ہے  جو ٹوئٹر پر انتہائی تیزی سے وائرل ہو گیا۔

پاکستان سے بے انتہا محبت کرنے والے تیزی سے اس ویڈیو اپنے سوشل پیجز پر شیئر کر رہے ہیں۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک اور پرومو جاری کیا گیا تھا جس میں ’’ ستاروں کی آواز، پاکستان زندہ آباد‘‘ کی ٹائم لائن دی گئی تھی اور اس ویڈیو میں پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کو پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگاتے دکھایا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے 23 مارچ کے حوالے سے ایک اور پرومو جاری کردیا ہے جس کا سلوگن  سماجی کارکنوں کی آواز۔ پاکستان زندہ باد رکھا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک ٹویٹ میں پرومو جاری کیا جس میں مختلف سماجی کارکنوں کی جانب سے پیغامات دیئے گئے ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تیسرے پرومو کی ویڈیو جاری کی ہے۔ جس کا سلوگن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز۔ پاکستان زندہ باد رکھا گیا ہے۔


واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کے بعد رواں سال انتہائی جوش و جذبے اور بھرپور طریقے سے یوم پاکستان منایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ہم ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کے بے شمار جوانوں نے اپنی قربانیاں پیش کیں اور آج بھی پاکستان کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر انتہائی تندہی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ہم ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو سوچنا پڑے گا کہ وہ اس مرحلے کے بعد کس طرف جانا چاہتا ہے۔


متعلقہ خبریں