لاہور میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے دس ہزار سے زائد مقامات


 لاہور: لاہورمیں دس ہزارسے زائد ڈینگی مچھر کی افزائش کے پوائنٹس نے سرویلنس ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

اسپیشل برانچ نے ڈینگی کنٹرول پروگرام  سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیشل برانچ نے ڈینگی کی افزائش کی رپورٹ اور سفارشات متعلقہ حکام کو بھجوا دی ہیں۔ اسپیشل برانچ نے لاہور، راولپنڈی، ملتان، گجرانوالہ اور شیخوپورہ میں ڈینگی بریڈنگ اسپاٹس کی نشاندہی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بدلتا موسم ،مچھر اور بیماریاں

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں دس ہزار چھ سو 62 پوائٹس ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔ راولپنڈی میں پانچ ہزار 590 اور گجرانوالہ میں گیارہ سو 61 مقامات پر ڈینگی مچھر کی افزائش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح ضلع ملتان میں 440 اور ضلع شیخوپورہ میں 238 مقامات ڈینگی کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈینگی کے ممکنہ افزائشی مقامات پر ضلعی انتظامیہ نے خاص توجہ نہیں دی۔ رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ڈینگی کے ممکنہ افزائشی مقامات کی تھرڈ پارٹی سرویلنس کرائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد پانچ ہو گئی

رپورٹ کے مطابق موسمی تبدیلی کے باعث ڈینگی مچھر کے افزائش کے مقامات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ جن علاقوں میں ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے وہاں درختوں کے نیچے کھڑے پانی کو بھی چیک کیا جائے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کو موجودہ صورتحال میں تکنیکی ماہرین کا اجلاس طلب کرنا چاہئیے۔ شہری علاقوں میں صفائی مہم بھی شروع کی جائے۔

اسی طرح شہروں کے اطراف سے گزرنے والے گندے نالوں اور سیوریج کے نظام پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ گندگی کے ڈھیر اور ان کے اطراف میں کھڑے ہوئے پانی کی جانب متوجہ ہونا بھی ضروری ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی سے نجات کے لیے ڈینگی لاروا پکڑنے کی مہم تیز کی جائے۔


متعلقہ خبریں