نیب کو مخصوص کیسز پر توجہ دینی چاہیئے، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر کیس کھولنے کے بجائے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مخصوص کیسز پر توجہ دینی چاہیئے۔

اسلام آباد میں اخبارات کے ایڈیٹرز اور سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب پر حکومت کا کوئی زور نہیں، نیب نے مجھے 22 لاکھ پر نوٹس بھیجا جبکہ شہباز شریف نے اپنے وزیراعظم بھائی کا جہاز استعمال کر کے 35 کروڑ روپے اُڑا دیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک پر 30 ہزار کروڑ روپے کا قرض چڑھانے والے قومی مجرم ہیں۔ پہلے شریف خاندان شور مچا رہا تھا اور اب آصف زرداری کی فیملی شور مچا رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جہادی تنظیموں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، بیرونی ممالک کی ضرورت ہے، ان کے ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو وقت ملنا چاہئے، وہ مڈل کلاس سےآئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ریاست کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، شہریار آفریدی

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے سرکاری جہاز استعمال کرکے 35 کروڑ روپے اڑا دیے لیکن انہیں کچھ نہیں کہا گیا تاہم مجھے سرکاری منصوبوں کے افتتاح پر جہاز کے استعمال کی مد میں 22 لاکھ خرچ کرنے پر نوٹس بھیج دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا، ابتدا میں آئی ایم ایف سے رابطہ کیا تو انہوں نے سخت شرائط رکھیں لیکن دوست ممالک سے فنڈز اکٹھے کیے اور اب آئی ایم ایف سے معاملات کنٹرول میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ہفتوں میں ملک کے لیے اچھی خبر آئے گی، متوسط طبقے کے مسائل حل ہوں گے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی نومبر میں ریٹائرمنٹ کا سوال پوچھا گیا تو عمران خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ابھی کچھ نہیں سوچا۔

ایک سوال پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں الیکشن مہم پاکستان کی نفرت کی بنیاد پر ہورہی ہے، مودی کی مقبولیت کا گراف گر رہا ہے۔ بھارت کے انتخابات تک خطرہ ہے، ہم کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں