کراچی: آگ سے متاثر عمارت سیل

کراچی: آگ سے متاثر عمارت  سیل

فائل فوٹو۔–


کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آگ سے متاثرعمارت کو سیل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق آگ سے متاثرہ عمارت کو سیل کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی مرتب کرلی ہے تاہم ابھی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کی جانب سے جاری ابتدائی رہورٹ کے مطابق آگ تیرہ منزلہ عمارت کے ساتویں فلور پر لگی، آگ عمارت کے ڈک میں لگی جو پھیلتے پھیلتے دسویں منزل تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: روئی کے گودام میں آتشزدگی، آگ پرقابو پا لیا گیا

رپورٹ کے مطابق عمارت میں فائر الارمنگ سسٹم اور آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے اوربلڈنگ میں ہنگامی اخراج کا راستہ بھی نہیں تھا۔

پولیس حکام کے مطابق عمارت مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا،  پولیس نے مقدمے کے اندراج کے لیے واقعے میں جاں بحق و زخمی افراد کے لواحقین سے رابطہ بھی کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرین نے عمارت انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر نو گھنٹے بعد قابوپالیا گیا

آگ لگنے کا واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جس میں چھ افراد زخمی ہوئے جبکہ عمارت سے چھلانگ لگالنے والا ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ آگ پر ایک گھنٹے میں قابو پا لیا گیا تھا تاہم رش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ متاثرہ عمارت میں کئی دفاتر موجود ہیں۔

کراچی میں اس سے قبل بھی آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہے ہیں جبکہ دو روز پہلے بھی ایک فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ رونما ہوا تھا۔

اسی طرح شہر قائد میں شارع فیصل پر قائم فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر (ایف ٹی سی بلڈنگ) میں بھی کچھ روز قبل رات کے وقت  آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پانے میں چارگھنٹے سے زائد کا وقت لگا تھا۔


متعلقہ خبریں