پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح پھر تاخیر کا شکار


اسلام آباد: پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ  (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح پھر تاخیر کا شکار ہوگیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ اس منصوبے سے پشاور کی عوام کو بہت مشکلات کا سامنا رہا۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ جلد از جلد عوام کی مشکل دور کرسکیں۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد پشاور کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری آئے گی۔

تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ جب صوبائی دارالحکومت کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو وہاں بھی منصوبے بنانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں زیادہ وقت نہیں لگے گا کیونکہ ابھی چھوٹی چھوٹی چیزیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ جب یہ منصوبہ ختم ہوگا تو پشاور کو بدل دے گا۔

بحریہ ٹاؤن کے معاملے پر جو فیصلہ آیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،بریگیڈیئر (ر) حارث نواز

بحریہ ٹاؤن کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو سندھ (نیب) بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ اس معاملے پر جو فیصلہ آیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی نیب سندھ کو اس فیصلے کا جائزہ لینا چاہیئے۔ سپریم کورٹ کم از کم بحریہ ٹاؤن کو ایک ہزار بلین تک لے کر جاتے اور ماریکٹ ویلیو چیک کروائی جاتی۔

مقتول بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کے بھائی کرنل (ر) خالد منیر نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ چیف جسٹس نے ان کے بھائی کے خط پر نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے بھائی نے سوچا کہ خود کشی کرلوں تاکہ لوگوں کے سامنے بے عزت نہ ہوں۔ اس سے اندازہ لگا لیں کے وہ کتنے تنگ آچکے تھے۔ انسان کو سب سے زیادہ پیاری جان ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بس باتیں بنانے کا موقع چاہیئے ہوتا ہے۔ لوگ عزت بچانے کے لیے ایسے اقدامات کرلیتے ہیں۔

مشال خان کیس

مقتول مشال خان کے والد اقبال خان نے کہا کہ آج کے فیصلے سے ثابت ہوا کے میرا بیٹا بے گناہ تھا۔ ہم اس بات سے مطمئن ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ججز انصاف کرتے ہیں تو اس سے مظلوم کو تھوڑا صبر آجاتا ہے۔

اقبال خان نے کہا کہ میں نے جدوجہد کی اور لوگوں نے میرا ساتھ بھی دیا۔ اس طرح کے واقعات میں کمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح عدالتیں انصاف کرتی رہیں تو ہم امن کی جانب جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں