زیادتی کی کوشش کے بعد پمز سے جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا


اسلام آباد: سنیٹر میاں عتیق کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں جعلی ڈاکٹر کو عورت مریضہ سے زیادتی کی کوشش کے بعد پکڑا گیا۔ بعد میں پتا چلا کہ سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر ہی جعلی تھا۔

سنیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت میں سنیٹر میاں عتیق نے وزیر صحت کو سرکاری اسپتال پمز میں دو جعلی ڈاکٹرز کے پکڑے جانے پر ایکشن میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

میاں عتیق کا کہنا تھا کہ ایک آپریشن کے لیے آنے والی خاتون کی شکایت پر پتا چلا کہ ڈاکٹر ہی جعلی ہے جس کے اوپر ایکشن لیا جائے۔

میاں عتیق کا کہنا تھا کہ 6 مہینے سے ایک جعلی ڈاکٹر پمز میں کام کرہا ہے اور انتظامیہ کو پتا ہی نہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے سرکاری اسپتالوں میں دستیاب ادویات کی جانچ کرانے کا اعلان کردیا۔ میاں عتیق نے ادویات کے نمونے سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت سرکاری اسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں اور سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو غیر معیاری ادویات فراہم کی جاتی ہیں، غیر معیاری ادویات سے مریض کیسے صحت یاب ہونگے۔

وزیر صحت عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ادویات سمیت ہر خریداری میں قواعد کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹھیکوں میں نیب اور پیپرا قواعد آڑے آتے ہیں۔ پیپرا قواعد کے تحت مہنگی ادویات نہیں خرید سکتے ادویات خریداری کے ٹھیکے میں متعدد کمپنیاں حصہ لیتی ہیں، جو کمپنی سب سے کم ریٹ دیتی ہے ٹھیکہ اسی کو ملتا ہے اور نیب کے ڈر سے کوئی افسر مہنگی خریداری کر کے پھنسنے کو تیار نہیں۔

قائمہ کمیٹی قومی صحت نے پی ایم ڈی سی آرڈیننس کی تفصیلات طلب کر لیں پی ایم ڈی سی بارے تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔


متعلقہ خبریں