فنچ کی شاندار سینچری، پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست


دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے پاکستان کا 281 رنز کا ہدف کپتان ایرون فنچ کی شاندار سینچری کی بدولت با آسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش نے 88 جبکہ عثمان خواجہ اور ہینڈس کومب نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل شعیب ملک الیون نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز اسکور کئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے شاندار سینچری اسکور کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل 49 اور شان مسعود 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے میکس ویل اور کونٹر نائل نے دو جبکہ نیتھن لائن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی پلئنگ الیون میں کپتان شعیب ملک ، شان مسعود ،امام الحق، حارث سہیل ، عمراکمل، فہیم اشرف، محمد رضوان ، عماد وسیم ، یاسرشاہ ، محمدعامر اور محمد عباس شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد عباس ون ڈے انٹر نیشنل میں ڈیبیو کررہے ہیں۔ شان مسعود کو شعیب ملک نے جبکہ محمد عباس کو بالنگ کوچ اظہر محمود نے کیپ پہنائی۔

اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کا ریکارڈ پاکستان کے مقابلے بہتر ہے۔ 14 میچوں میں سے آسٹریلیا نے8 بار پاکستان کو یواے ای کے میدانوں میں شکست سے دوچار کیا ہے۔ دبئی میں میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریزاکتوبر2014 میں کھیلی گئی جس میں پاکستانی ٹیم نے0۔3 سے شکست کھائی۔

دونوں ٹیموں آخری بار جنوری 2017 میں آسٹریلیا میں ٹکرائی تھیں۔ پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں