ملائشیا کا پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا اعلان


اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ قیام کے وقت ملائشیا ایک غریب ترین ملک تھا تاہم غربت کا خاتمہ صنعتوں کے قیام سے ممکن ہوا۔

پاک ملائیشیا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائشیا بزنس کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کا شکر گزار ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پروٹون گاڑیاں بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے ایک پلانٹ لگانے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے لئے پروٹون گاڑی تحفے میں دینے کا بھی اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرتے ہیں، اس لئے ہم نے اپنے ملک سرمایہ کاروں کو ایک بہترین ماحول فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے ہمارے ملک میں ٹیکنالوجی کو فروغ ملا، تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ اس کے لئے ساز گار ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے۔

ڈاکڑ مہاتیر محمد نے کہا کہ  ہمارے خطے کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں تاہم ملائشیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا ،اسرائیل مغرب آزادی کا حامی ہے تو ہمیں بھی بات کرنے کا حق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں ملائشیا کے تین جبکہ پاکستان کے نو لوگ شہید ہوئے، دنیا میں مسلمانوں کے خلاف شدت پسندی بڑھتی جا رہی ہے۔

ملائیشیا کی ترقی اسلامی دنیا کےلیے مثال ہے، عمران خان

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مہاتیرمحمد کااستقبال کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، جنہوں ملائشیا کو تبدیل کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی ترقی اسلامی دنیا کےلیے مثال ہے،پاکستان مہاتیر محمد کی قائدانہ صلاحیتیوں کا معترف ہے،ڈاکٹرمہاتیرمحمد کی قیادت میں ملائیشیا نے خود کفالت حاصل کی۔

عمران خان نے کہا کہ مہاتیر محمد نےملائیشیا کو دنیا کےلیے رول ماڈل بنا دیا، پاکستان ملائیشیا کے تجربے سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کو تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے،دونوں ملکوں میں تجارتی تعاون بڑھانےکا بہترین موقع ہے، بعد ازاں دونوں ممالک کی مختلف کمپنیوں کے مابین معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

مہاتیرمحمد کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے دورے کے حوالے سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعظم مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی عالمی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں ممالک نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے درمیان ویزہ پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے ایم او یو کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور برطانوی پارلیمنٹ کے گروپ کی رپورٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ دہشتگردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا۔

مہاتیر محمد نے وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کا یوم پاکستان پر مدعو کرنے اور صدر کا نشان پاکستان کا اعزاز دینے پر شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں