پاکستان مخالف گوتم گھمبیر کی انتہاپسند بی جے پی میں شمولیت

پاکستان مخالف گوتم گھمبیر کی انتہاپسند بی جے پی میں شمولیت

اسلام آباد: بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گوتم گھمبیر نے انتہا پسند جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق کرکٹر گوتم گھمبیر بھارت میں منعقد ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں نئی دہلی کی سات نشستوں میں سے کسی ایک پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی امیدوار ہوں گے۔

سابق اوپنر بیٹسمین گوتم گھمبیر نے موجودہ حکمران جماعت بی جے پی میں شمولیت کا اعلان ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ نئی دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بھارتی وزرا ارون جیٹلی اور روی شنکر پرساد بھی موجود تھے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق گوتم گھمبیر کی پریس کانفرنس سے قبل پارٹی سربراہ امیت شاہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ حکمران جماعت میں شمولیت کا فیصلہ وزیراعظم نریندرا مودی کے وژن سے متاثر ہوکر کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔

بھارت کی موجودہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے حال ہی میں گوتم گھمبیر کو پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔

گوتم گھمبیرتسلسل کے ساتھ پاکستان مخالف بیانات دیتے آئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو پاکستان سے میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔

سابق بھارتی کرکٹرکا خیال تھا کہ ان کے ملک کی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ اسے دو پوائنٹ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوگی۔

انتہاپسندانہ ذہنیت کے حامل گوتم گھمبیر نے 14 مارچ کے دن سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دنیا کے تمام ممالک سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کی امداد بند کردیں کیونکہ وہ صحیح مد میں خرچ نہیں ہوگی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق گوتم گھمبیر کی جانب سے تسلسل کے ساتھ دیے جانے والے پاکستان مخالف بیانات کی وجہ اس وقت سامنے آگئی جب انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا اور ساتھ ہی پارٹی کے اندرونی حلقوں نے تصدیق کی کہ وہ پارٹی ٹکٹ پرنئی دہلی سے امیدوار ہوں گے۔

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر 2007 کا ٹی- 20 ورلڈ کپ اور 2011 کا ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے۔


متعلقہ خبریں