یوم پاکستان پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زردری کے پیغامات

شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان رابطہ

لاہور: ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کا دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ‎قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے اپنی آزادی کی تحریک کو منزل کا نشان قرار دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ ‎آج کے دن ہم بانیان پاکستان، مشاہیر اورکارکنان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‎قیام پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والے ہمارے اصل ہیروز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے ارض پاک اور ہمارے کل کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ‎آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم فروعی تنازعات سے اوپر اٹھ کر پاکستان کے مشن پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں ‎محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے دفاع، سلامتی اور ترقی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے صدر نے اپنے بڑے بھائی کے حوالے سے کہا کہ میاں ‎نوازشریف نے پاکستان کو قائد اعظم کا روشن پاکستان بنانے کے لیے کام کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حکومت کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی اور اندھیروں سے نجات دلائی، ‎انفرااسٹرکچر کو ترقی دی، شاہراہوں کے ذریعے وفاق اور اکائیوں کو ملا کر ترقی دی اور زیادہ وسائل دے کر وفاق کو مظبوط بنایا۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ ‎پاکستان کو معاشی قوت بنانا اس وقت سب سے اہم تقاضا اور چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے! آج کے دن پاکستان کو عظیم فلاحی اسلامی مملکت بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کریں۔

پی ایم ایل (ن) کے صدر نے کہا کہ پورا پاکستان متحد ہے اورانشا اللہ اتحاد کی اسی قوت سے دشمن کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) بانیان پاکستان کے عہد کی پاسدار اور عظیم نصب العین کی تکمیل کا جذبہ رکھتی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان تعلیم و تربیت سے اپنی صلاحیتیں نکھار کر پاکستان کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیاہے ۔ بلاول نے کہا ’’ہم تو مٹ جائینگے اے ارض وطن ،لیکن تم کو زندہ رہنا ہے قیامت کی سحر ہونے تک ۔ ‘‘

23مارچ کی مناسبت سے پارٹی نے بلاول بھٹو کا جو بیان جاری کیا ہے اس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں بانیانِ مملکت خداداد کے ویژن سے تجدید عہد نو کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا۔ نظریہ پاکستان کی جڑوں پر کلہاڑے مارنے والے عناصر اب باز آجائیں۔ چند افراد کے مفادات کی خاطر اصول نہیں بنائے جاتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ایسے اصول جو بالاخر عالمی و علاقائی سطح پر آنی والی تبدیلیوں کے نتیجے میں غبار بن کر اُڑ جائیں، باوقار قومیں ہمیشہ اپنے قومی مفادات اور عوام کی بہبود کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مضبوطہ بیانیہ اختیار کرتی ہیں۔ یوم پاکستان بانی اجداد کی پیروی کرتے ہوئے ایک ایسا جمہوری معاشرہ بنانے کہ ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا  ایک ایسا معاشرہ جہاں کے نظام کا طرہ امتیاز امن، انصاف و انسانی حقوق کا احترام ہو۔ انتہا پسندی و دہشت گردی سے پوری قوم زخمی ہے اور تاحال سنگین خطرات منڈلا رہے ہیں۔ انتہاپسند دہشتگردوں کا سامنا کرنے کے لیئے اٹل ارادوں کی ضرورت ہے۔  دِکھاوے اور ایڈہاک بنیادوں پر بنائی گئی پالیسیز ہمیشہ ناکام ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا نظریہ پاکستان اور آٹھ دہائیاں قبل منظور کی جانی والی قرارداد پر عمل کا عہد کرتے ہیں، قائد کے نظریہ حقیقی علمبردار کی حیثیت میں، ان کی پارٹی تمام مشکلات، ناانصافیوں اور انتقامی کاروائیوں کا مقابلہ کریں گے، پی پی قائداعظم ، شہید بھٹو اور شہید محترمہ کا پرامن، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کا خواب پورا کرکے دم لے گی۔


متعلقہ خبریں