یوم پاکستان: اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21 توپوں کی سلامی


اسلام آباد: یوم پاکستان کے تاریخ ساز موقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔ شیڈول کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی ہوئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر- اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ہم نیوز کے مطابق اہل وطن نے نماز فجر میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں پیش امام صاحبان نے تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی۔

آج بروز 23 مارچ ’پریڈ گراؤنڈ‘ میں پاکستان مسلح افواج کی جانب سے پریڈ منعقد ہوگی جس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت ملکی وغیر ملکی مہمانان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے جو تین روزہ دورے پر ایک دن پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ معزز مہمان کو وزیراعظم کی جانب سے خصوصی دعوت دی گئی تھی۔

پاکستان مسلح افواج کی جانب سے منعقد کی جانے والی پریڈ میں پاک فوج، پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے حصہ لیں گے۔ پریڈ کا حصہ پاک فضائیہ کے طیارے بھی ہوں گے جو فلائی پاسٹ کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی مہارت، دلیری و جوانمردی کی ’دھاک‘ پوری دنیا پر بٹھائیں گے۔

یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ میں چین کے جے -10 اور ترکی کے ایف – 16 لڑاکا طیارے بھی شامل ہوں گے۔سعودی عرب، آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شرکت کریں گے۔

سیکیورٹی کے حوالے سے اس موقع پر انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان مسلح افواج کی جانب سے منعقد کی جانے والی پریڈ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فضائی حدود صبح آٹھ بجے سے دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی۔

اس موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس بھی عارضی طور پرمعطل کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈی جی (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے یوم پاکستان پریڈ کی قومی مہم کے لیے بنائے گئے پروموز میں حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی مہم میں حصہ لینے پر تمام پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کی جانب سے بھی تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

یوم پاکستان کے تاریخ ساز موقع پر پر 18 غیرملکیوں سمیت 128 افراد کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بارہ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اعزازات کے لیے نامزد افراد کواعزازات دیں گے۔


متعلقہ خبریں