پنجاب میں طلبہ کے لیے ایڈیشنل اسکالر شپ پروگرام بند

پنجاب میں طلبہ کے لیے ایڈیشنل اسکالر شپ پروگرام بند

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت طلبہ کے لیے ایڈیشنل اسکالرشپ پروگرام بند کر دیا گیا۔

تعلیمی اصلاحات کی دعویدار حکومت نے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ(پیف) کو تعلیم کے لیے اضافی فنڈز جاری نہ کیے۔

ذرائع کے مطابق اس سال 65 ہزار 323 نئے طلبا اسکالرشپ پر تعلیم حاصل نہیں کرسکیں گے جب کہ تعلیمی وظائف کی رقم ایک لاکھ سے کم کر کے 28 ہزار کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ان تعلیمی وظائف کے ذریعے طلبا و طالبات میٹرک سے پی ایچ ڈی تک اندرون و بیرون ملک اعلیٰ درسگاہوں میں تعلیم حاصل کیا کرتے تھے۔ اب فنڈز نہ ملنے پر اسکالر شپ میں بھی واضح کمی آ گئی ہے۔

گزشتہ سال 2017-18 میں 93 ہزار 853 روپے کی اسکالرشپ دی گئی تھی تاہم رواں سال 28 ہزار 530 روپے کی ہی اسکالرشپ دی جا سکے گی۔

اس سے قبل پنجاب کے متعدد سرکاری اسکولوں میں آٹھ ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے لگائے جانے والے سولر پینلز ناقص ہونے کا انکشاف ہوا تھا جب کہ متعدد اسکولوں سے سولر پینلز چوری کیے جا چکے ہیں۔ سرکاری اسکولز کے سولر پینلز میں خرابی اور چوری کے باعث پراجیکٹ کھٹائی میں پڑ گیا۔

سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن نے سرکاری اسکولوں میں لگے سولر پینلز ناقص ہونے کا نوٹس لے لیا اور ان کی چوری پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب مں 50 ہزار اسکولوں کو 793 ملین روپے جاری

سابق دور حکومت میں پنجاب کے 20 ہزار سرکاری اسکولوں کی بجلی کو سولر پینلز سے چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور 8 ارب سے زائد کے پراجیکٹ کے تحت اب تک 5 ہزار سے زائد اسکولوں میں سولر پینلز نصب کیے گئے تھے۔ جسے موجودہ حکومت نے بھی سولر پینلز پراجیکٹ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن نے اسکولوں میں لگے سولر پینلز کی حفاظت کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے جب کہ ایک مراسلے کے مطابق سولر پینلز چوری یا خراب ہونے کی صورت میں متعلقہ اسکول ہیڈ اور اسٹاف کے خلاف کارروائی ہو گی۔


متعلقہ خبریں