وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

فائل: فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 26 مارچ بروز منگل کو طلب کر لیا ہے، عمران خان ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے دورے سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر ملائیشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر اجلاس میں بریفنگ دیں گے ۔کابینہ “لاہور نئی دہلی بس سروس”معاہدے میں توسیع اور سرمایہ کاری بورڈ کی تشکیلِ نو کی سمری پر بھی غور کرے گی۔ وفاقی کابینہ ہوا بازی پالیسی 2019 کی بھی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بورڈ کی تشکیلِ نو کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کابینہ پاکستان سکھ گوردوارہ بربندھک کمیٹی کی تشکیلِ نو کا بھی جائزہ لے گی۔

اجلاس میں مختلف اداروں میں تقرریوں کی منظوری اور پاکستان ٹوررزم ڈویلمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) میں غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی اور توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے آج وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں، ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

ملائشین وزیراعظم نے کل پاک ملائیشیا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پروٹون گاڑیاں بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے ایک پلانٹ لگانے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے لئے پروٹون گاڑی تحفے میں دینے کا بھی اعلان کیا۔

 


متعلقہ خبریں