’پاکستانی تیرین لینسٹر ‘کی سوشل میڈیا پر دھوم


ایچ بی او کی مقبول ترین ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز کے کردار تیرین لینسٹر جسے برطانوی اداکار پیٹر ڈرینکلج نے ادا کیا، کے پاکستانی ہم شکل کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

تیرین لینسٹر گیم آف تھرونز سیریز کے مقبول ترین کرداروں میں سے ایک ہے۔ چھوٹے قد کے پیٹر اپنی اداکاری سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو اپنا شائق بنا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر پاکستان کے شہر راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل پر کام کرنے والے روضی خان کی ہیں جن کی شکل و جسامت ہو بہو تیرین لینسڑ جیسی ہے۔

ایک انٹرویو میں 25 سالہ روضی خان نے بتایا کہ میں اس علاقے میں کافی مقبول ہو چکا ہوں ہوٹل پر آئے اکثر لوگ میرے ساتھ تصاویر کھینچنے کی فرمائش کرتے ہیں۔

روضی خان اور پیٹر ڈرنکلج کی نہ صرف شکل ملتی ہے بلکہ ان دونوں کا قد بھی ایک جیسا ہی ہے یعنی 4 فٹ 5 انچ۔

روضی خان نے بتایا کہ فیس بک پر پیٹر ڈرنکلج کے ساتھ تصاویر پر لوگ پوچھتے ہیں کہ یہ تمھارا ہم شکل کون ہے جس پر میں ان کو کہتا ہوں کہ یہ میرا بھائی ہے۔

گیم آف تھرونز ٹیلی ویژن کی تاریخ کا کامیاب ترین ٹی وی سیریل سمجھا جا تا ہے، گیم آف تھرونز نے اب تک 47 ایمیز ایوارڈ جیتیں ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔اس سیریز کا آخری سیزن اپریل میں پریمئر ہو گا۔

روضی خان کا تعلق مانسہرہ کے ایک گاؤں سے ہے تاہم روزگار کے سلسلے میں وہ راولپنڈی میں مقیم ہیں اور ایک ہوٹل پر ویٹر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

مقامی ہوٹل کے مالک نے بتایا کہ جب کبھی روضی خان بیماری کی وجہ سے چھٹی کرتا ہے تب لوگ اسے ڈھونڈتے ہیں اور اس کے ساتھ تصاویر لینے کے لئے فرمائش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہوٹل میں رش رہتا ہے تاہم روضی خان کی وجہ سے رش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

روضی خان نے پیٹر ڈرینکلج سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پیٹر سے محبت کرتا ہوں وہ بلکل میری طرح کے ہیں ۔

ایک مقامی گاہک نے بتایا کہ انہیں روضی خان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی ہے ایسا لگا ہے جیسے سچ میں تیرین لینسٹر سے ملاقات ہو گئی ہے۔

واضح  رہے کہ گیم آف تھرونز پرانے وقتوں کے معزز خاندانوں کے مابین تخت کے حصول کی جنگ کی کہانی ہے تاہم ان تمام خاندانوں کو ایک مشترکہ دشمن کا سامنا ہے جو کہ زندگی سے بالاتر ہیں انہیں وائٹ واکرز کے نام سے جانا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں