18ویں ترمیم پرسب سے پہلے تحفظات کا اظہارنوازشریف نے کیا، حامدمیر



اسلام آباد: سئینر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے کچھ حصوں پر تحفظات کا سب سے پہلے اظہار نوازشریف نے کیا۔

پروگرام بریکنگ پوائنٹ ودھ مالک میں میزبان محمدمالک سے گفتگو کرتے ہوئے سئینر صحافی حامد میر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے کچھ آرٹیکلز کی بات مسلم لیگ ن کے دور میں شروع ہوئی، آصف زرداری سے بھی بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ پارٹی سے پوچھ کر بتائیں گے لیکن انہوں نے معاملہ لمبا کردیا۔

حامد میر نے کہا کہ ترمیم کے کچھ حصوں کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے نوازشریف نے تحفظات کا اظہارکیا تھا، الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی نے کھل کرسخت موقف اپنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جیسے مسلم لیگ ن کے پھنسنے پرپیپلزپارٹی نے فائدہ لیا، اب پیپلزپارٹی کی مشکل سے ن لیگ فائدہ اٹھارہی ہے۔ بلاول بھٹوسندھ میں ٹرین مارچ میں رویہ مزیدجارحانہ رکھیں گے۔

حامدمیر نے کہا کہ اسدعمر کی جس شخص کے ساتھ تصویریں ہیں، وہ بے نظیربھٹواور نصیراللہ بابر کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے بھی گزشتہ ماہ ملاقات کی ہے.

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا جس جماعت کے ساتھ تعلق کی بات بلاول بھٹو کررہے ہیں وہ بھارت میں کالعدم ہے، پاکستان میں نہیں ہے۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید این آر او کی بات کرکے ذمےدار لوگوں پر الزامات لگارہے ہیں، آج کے دورمیں کوئی بھی شخص کتنی بھی ملاقاتیں کرلے وہ کوئی این آراو نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کسی سے بھی ریلیف نہیں لینا چاہتے، انہوں نے کسی سے بات بھی نہیں کی، ان کی جگہ دوسرے اپنی طور پر یہ کررہے ہیں، بلاول مزاحمت کرکے شہبازشریف سے آگے نکلنا چاہتے ہیں۔

نوازشریف کو دباو کے تحت نہیں ترس سے ضمانت مل سکتی ہے،عامرمتین

سئینر صحافی عامرمتین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی برداشت ختم ہوتی جارہی ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ہی نیچے ہیں،  نوازشریف کو لوگ بھول گئے ہیں اب انہیں سیاست میں رہنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معمول کی قانون سازی نہیں کرسک رہی ہے، یہ 18 ویں ترمیم کے حوالے سے محض پیپلزپارٹی کے نعرے ہیں.

سئینرصحافی نے کہا کہ بلاول بھٹو کا کیرئیر شروع ہونے سے پہلے ختم ہورہا ہے کہ انہیں گمراہ کیا جارہا ہے۔

عامرمتین کا کہنا تھا کہ عمران خان بیوروکریسی کے نرغے میں ہیں، وہ کسی اور سے مشورے نہیں کررہے، تحریک انصاف کا ویژن نہیں نظرآرہا کہ کیا کام کرنا چاہتے ہیں، ایسا دوسروں سے متعلق شورمچا کرکب تک چلے گا۔پنجاب میں کام رکا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے خوش قسمتی ہے کہ دونوں ایک ہی صحفے پرہیں، یہ کرسکتے ہیں اور انہیں اس معاملے کو متنازعہ ہونے سے بچانا چاہیے۔

عامرمتین کا کہنا تھا کہ  نوازشریف اب کسی پردباو ڈال کراپنے حق میں فیصلے نہیں لے سکتے، ان حالات میں اگر ترس آجائے تو اور بات ہے۔

محمدمالک کا اہم انکشاف

پروگرام میں سئینر صحافی اور میزبان محمدمالک نے بتایا کہ ایک اہم شخصیت نے وزیراعظم عمران خان کو عثمان بزادر کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ یہ وسیم اکرم نہیں توصیف احمد ہیں۔ انہوں نے سابق صدرآصف زرداری کی جلد گرفتاری کی بھی پیشگوئی کی۔


متعلقہ خبریں