پاکستان کو بھارت سے چوکنا رہنا ہوگا، وزیرخارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی ڈوزیئر کا وزارت خارجہ نے مکمل جائزہ لے لیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس معاملے پرمشاورت کے لیے وقت مانگا ہے جس کے بعد بھارت کو جواب دیا جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں نے 2014 میں اتفاق کیا تھا جس پر عسکری کام مکمل ہو چکا ہے تاہم سیاسی کام کے لئے تحریک انصاف کی حکومت نے تمام  جماعتوں کو خطوط لکھے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نریندرمودی کا وزیراعظم عمران خان کو پیغام خوش آئند ہے، ہم نے پہلے دن سے بھارتی وزیراعظم  کو مذاکرات کی دعوت دی، مودی نے پاکستان کی مذاکرات کی دعوت قبول نہیں کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی مخالفت کی اور مودی سرکار پاکستان کی شاطر دشمن ہے، ہمیں بھارت سے چوکنا رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر گفتگو کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ اگر آپ اپنے چیمبر میں بلا لے تو میں وہاں آنے کو بھی تیار ہوں کیونکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان کو نہیں مانتا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مضبوط ہاتھوں میں ہے، دنیا جانتی ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام کسی غیر محفوظ ہاتھوں میں نہیں جا سکتا۔

تحریک انصاف نے پاکستان کو ٹرولستان بنا دیا ہے، نفیسہ شاہ 

رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جانب بات چیت کا کہتی ہے تو دوسری طرف ہمارے لیڈروں پر ذاتی حملے کر رہے اور ان پر غداری کے الزامات لگا رہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کو ٹرولستان بنا دیا ہے، ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو پر لگائے گئے الزامات واپس لینا ہوں گے۔

بی آر ٹی کی لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، شوکت یوسف زئی 

وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا کہ بی آر ٹی کی لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تاہم اس کا حسن بڑھانے کے لئے پلازوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کا سول کام مکمل ہو چکا ہے، بس آئی ٹی کا کچھ کام رہتا ہے جون کے مہینے میں بی آر ٹی مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گی۔


متعلقہ خبریں