بلاول بھٹو کرپشن کے خلاف نکلتے تو ہیرو بن جاتے، شیخ رشید


نوشہرہ: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اگر کرپشن کے خلاف نکلتے تو وہ بہت بڑے لیڈر بن جاتے لیکن اب وہ اپنے باپ کے لیے چتا جلانے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے نوشہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے۔ 17 سال بعد مردان سے درگئی تک ریلوے سروس بحال کر دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک میں چور رہیں گے یا چوکیدار۔ بلاول نے اپنی زندگی میں حماقت کی ہے اور اب باپ کے لیے چتا جلانے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بلاول بھٹو اگر کرپشن کے خلاف نکلتے تو وہ بہت بڑے لیڈر بن جاتے لیکن اب زیرو بن گئے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بلاول بھٹو کو ٹرین مارچ کے لیے مفت ٹرین فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی گنجائش نہیں ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کو ایک بار پھر فعال اور کار آمد بنا دیں گے۔ ہم نے رحمان بابا ٹرین چلائی تھی تو لوگوں نے مذاق بنایا تھا لیکن اس کا ریلوے کو فائدہ ہوا اور ہم آج سفاری ٹرین بھی چلانے جا رہے ہیں۔

اگلے 6 ماہ میں ریلوے کا منافع 10 ارب روپے تک پہنچ جائے گا، شیخ رشید احمد

انہوں نے کہا کہ  ہم سندھ سمیت پورے ملک میں ٹرین چلائیں گے اور انگریز کے بنائے ہوئے ٹریکس کو بحال کریں گے جب کہ نوشہرہ سے مردان ریلوے ٹریک کو بھی دوبارہ فعال کر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) کو ٹرین ٹریکس پر رکاوٹیں ختم کرنی چاہیئیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بہت جلد ہمارا چین کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا۔ ہم قبائلی علاقوں کو ٹرین کے ذریعے مین ٹریک سے ملائیں گے جب کہ پورے ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آلودگی کے باعث آئل ٹرینوں کو ختم کر دیا جائے گا اور کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک ڈالیں گے۔ اس وقت ٹرین سروس سی پیک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

بعد ازاں شیخ رشید نے تخت بھائی ریلوے اسٹیشن پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخت بھائی کے کھنڈرات بین الاقوامی ورثا ہے، یہاں غیر ملکی سیاہوں کو لانے کے لیے سفاری ٹرین چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درگئی میں جدید اور تمام تر سہولتوں سے آراستہ ریلوے اسٹیشن بنائیں گے جب کہ بسوں میں دھکے کھانے والے سوات کے شہریوں کے لیے ایکسپریس ٹرین بھی جلد چلائیں گے۔


متعلقہ خبریں