’بلاول بھٹو پہلے ابو بچاؤ اور پھر ابو نکالو مہم چلائیں گے‘



لاہور: وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے ملک میں بڑی کرپشن ختم ہوگئی ہے، چھوٹی بھی آہستہ آہستہ نیچے جارہی ہے۔

لاہور میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سٹینزن پورٹل پر لوگ براہ راست شکایات درج کرتے ہیں جس افسر کے خلاف مسلسل شکایات آئیں اسے نوٹس دیا جاتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول کو ابو بچاؤ مہم کے لیے بہت وقت ملے گا، ابھی وہ بھارت کے خلاف مہم چلائیں، انہیں پھر ابو نکالو مہم بھی چلانی پڑے گی۔ نوازشریف اور آصف زرداری کے معاملات اتنی جلدی حل ہونے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نامناسب رویہ ہے کہ آپ ہم سے حساب مانگیں گے تو ہم تحریک چلائیں گے۔ نیب کے خلاف سیاسی تحریک کا کوئی جواز نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی بھی کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوششیں ناکام ہوئیں، پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں ہندو لڑکیوں کی گمشدگی پر وزیراعظم کا نوٹس

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا مریم نواز اور بلاول بھٹو کی سیاست سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، یہ نعرے مارنے سے پہلے عوام کی کچھ خدمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن یہ پرامن ہونا چاہیے، ہم نے کسی سیاسی کارکن کے خلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج نہیں کرایا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان 1988 کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہوئے ہیں، ان سے اسلام آباد سے دوری برداشت نہیں ہورہی ہے۔ یہ پارلیمنٹ مولانا فضل الرحمان کے بغیر بہت اچھی چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف انتہائی بڑے اقدامات اٹھائے ہیں، ہرشعبے میں اصلاحات کررہے ہیں، ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی ہے اسے بنیادوں سے درست کررہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا، اس سے پہلے پیپلز پارٹی نے سوات آپریشن کیا، مسلم لیگ ن نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں آپریشنز کیے۔

’اقلیتوں کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے‘

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق بنائیں اور سب کا تحفظ یقینی بنائیں۔ اقلیتوں کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہم کمزور کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کردار کے باعث پاکستان کی دنیا میں اہمیت بڑھی ہے جس وجہ سے ہم نے ہر خطے میں تعلقات کی نوعیت کو تبدیل کیا ہے۔عمران خان پاکستان کے نہیں بلکہ مسلم امہ کے لیڈر بن کر سامنے آئے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سندھ سے مبینہ گمشدہ ہندو لڑکیوں کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انہیں سزائیں دلوائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گجرات میں مسلمانوں کے حالات انتہائی خراب ہیں، بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت اقلیتوں کی جو صورتحال ہے وہ دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے، بھارت کا سب کے لیے آواز اٹھانا اچھی بات ہے، وہ اپنے گھر کو بھی درست کرنے کی کوشش کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پر سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ فواد چوہدری کٹھ پتلی حکومت کے گوئبلز ہیں۔ قوم کو پتہ ہے کہ پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی ایک سکے کے دو رخ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان بچانا چاہتے ہیں جس کو کالعدم تنظیموں سے خطرہ ہے، پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بات سے عمران خان کو تکلیف ہوتی ہے، جب عمران خان کو تکلیف ہوتی ہے تو نیب سرگرم ہوتا ہے ۔


متعلقہ خبریں