سام سانگ نے درمیانی رینج کے دو نئے موبائل متعارف کروا دیئے


پاکستان میں اینڈروئڈ موبائل مارکیٹ میں سب سے زیادہ بکنے والا برینڈ سام سنگ نے دو جدید مگر درمیانی قیمت کے موبائل متعارف کروا دیئے ہیں۔

گلیکسی اے 30 اور اے 50 اسمارٹ فونز کو سب سے پہلے گزشتہ ماہ فروری میں اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران پیش کیا گیا تھا۔

ان موبائلز کے ڈیزائن، لمبائی اور چوڑائی کی بات کریں تو گلیکسی اے 30 اور اے 50 اسمارٹ فونز کو تھری ڈی راﺅنڈ ایجز سے لیس یا پرایزم ڈیزائن دیا گیا ہے جس کی اسکرین کا سائز 6.4 انچ ہے۔

اے 50 میں 4 سے 6 جی بی ریم اور روم 64 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں جبکہ اے 30 تھری سے 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، دونوں کی اسٹوریج ایس ڈی کارڈ سے بڑھائی جاسکتی ہے۔

دونوں موبائلوں کے کیمروں کی بات کریں تو سام سنگ گلیکسی اے 50 میں فرنٹ پر 25 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ بیک پر 25، 5 اور 8 میگا پکسل پر مشتمل تین کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہےجبکہ اے 30 میں فرنٹ پر 16 میگا پکسل جبکہ بیک پر 16 اور 5 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

اے 30 میں ایکسینوس 7904 پراسیسر اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے، تاہم اس میں فنگر پرنٹ سنسر فون کے بیک پر موجود ہے۔

اے 50 میں سام سنگ نے گلیکسی ایس 10 کا ایک فیچر فنگر پرنٹ سنسر کی شکل میں دیا ہے جو کہ اسکرین کے اندر نصب ہے۔

اسی طرح کواڈ کور ایکسینوس 9610 پراسیسر اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری بھی اس فون کا حصہ ہے جس کے ساتھ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

یہ دونوں فونز پاکستان میں تین رنگوں بلیو، وائٹ اور بلیک میں دستیاب ہوں گے، گلیکسی اے 30 کی قیمت 40 ہزار جبکہ گلیکسی اے 50 کی 52 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں