دانتوں کو بیماری سے بچانے کے لیے صدر عارف علوی کامشورہ


اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے دانتوں کی بیماریوں سے بچنے کے لیے دن میں دوبار دانت صاف کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

صدرعارف علوی نے اس حوالےسے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دانتوں کی بیماریوں کے حوالے سے مجھے یقین ہے کہ 90 فیصد بیماریاں دانتوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دو بیماریاں اہم ہیں ایک جسے پائیریا کہتے ہیں جس میں مسوڑوں سے خون آتا ہے اور دانت ہلنے لگتے ہیں اور دوسری بیماری میں دانتوں میں کیڑا لگتا ہے۔ ان دونوں بیماریوں کو دانتوں کی صفائی سے روکا جاسکتا ہے۔

صدرکا کہنا ہے کہ دانتوں کی صفائی کے لیے مسواک بھی کرسکتے ہیں، برش اسی کی اگلی قسم ہے، دن میں کم از کم دو مرتبہ برش کریں اور اچھی طرح کریں، گھر سے کہیں جانے سے پہلے بھی برش کرلیں، اس طرح صفائی رکھنے سے کیڑا بھی نہیں لگے گا اور مسوڑوں کے اندر بھی خرابی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دانتوں کی بیماری نہیں ہوگی تو ساری عمران کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔

صدر نے دانت صاف رکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ نبی پاک نے بھی دانتوں کی صفائی پر بہت زور دیا ہے، اس حوالے سے 15 سے 16 حدیثیں ہیں، وہ سونے سے پہلے، اٹھنے کے بعد اور کسی کو ملنے جانے سے پہلے دانتوں  کی صفائی کرتے تھے اور آج کی جدید تحقیق بھی یہی کہتی ہے کہ روزانہ اگر برش کیا جائے تو دانتوں کی بیماری نہیں ہوگی۔

ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ صحت مند دانت صحت مند جسم اور صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہیں۔

منہ اور دانتوں کی صحت کا عالمی دن ہر سال 20 مارچ کو منایا جاتا ہے، یہ دن منانے کا مقاصد لوگوں میں دانتوں کی صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے صدرعارف علوی پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر(ڈینٹیسٹ) ہیں اور انہوں نے اپنا ڈینٹل کلینک کھول رکھا ہے، انہیں دانتوں کے علاج کا ہنر اپنے والد ڈاکٹر الہیٰ علوی سے وراثت میں ملا تھا۔

دانتوں کے پیشے سے منسلک صدر عارف علوی ملک کے صدر منتخب ہونے والے دوسرے شخص ہیں، جبکہ ان سے قبل ترکمنستان کے صدر ڈاکٹر گربونگلے بڑیڈایمیڈویو 2007 میں صدر بنے تھے۔


متعلقہ خبریں