قبائلی علاقے باجوڑ میں تھری جی سروس کا آغاز


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلیے ایک اور وعدے کی تکمیل ہوگئی ہے۔ باجوڑ کی تحصیل خواڑ میں تھری جی سروس فراہم کردی گئی ہے۔عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں  کہا گزشتہ جمعے کو باجوڑ میں جلسے کےدوران تھری  جی سروس کے آغاز کا وعدہ کیاتھا۔

اس سے قبل وزیراعلٰی خیبر پختون خوا محمود خان نے  بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں باجوڑ میں تھری جی نیٹ ورک کے اجراء کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، قبائلی نوجوانوں کو تھری جی سروس مبارک ہو۔

وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں قبائلی نوجوانوں کی خواہش پر باجوڑ میں تھری جی سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ جلسے میں وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی گئی تھی، کل سے باجوڑ میں سروس مہیا کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نقل و حمل کو تیز بنانے کیلئے ایکسپریس وے تک رسائی کیلئے سرنگ کی تعمیر کا بھی جلد آغاز کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی عوام کے دیگر مطالبات بھی تیزی سے پورے کریں گے، بجلی کی رسد یقینی بنانے کیلئے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر بھی جلد مکمل کریں گے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے 15 مارچ کو باجوڑ کے جلسے میں قبائلی علاقوں میں خاص طور پر باجوڑ میں انٹرنیٹ کی سروسز کے اجرا کا اعلان کیا تھا

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ  باجوڑ کےلوگوں کوانٹرنیٹ کی سہولت جلد دیں گے، یہاں کےنوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ باجوڑمیں چھوٹی صنعتوں کیلئےزون بنائے جائیں گے، صحت اورتعلیم کے شعبے میں 8 ہزار نوکریاں لارہےہیں، بجلی کامسئلہ بھی حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ باجوڑ کےنوجوانوں کوآسان شرائط پر قرضے دیں گے۔ این ایف سی ایوارڈکا 3 فیصد قبائلی علاقے پرخرچ کریں گے- قبائلی علاقوں کو اوپراٹھانےکیلئے صوبوں کومدد کرنا ہوگی۔


متعلقہ خبریں