ورلڈ کپ: برائن لارا فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے خواہاں


ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجینڈ برائن لارا ورلڈ کپ 2019 کا فائنل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران ورلڈ کپ 2019 سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی پچز کو دیکھتے ہوئے کسی ایک ٹیم کو ایونٹ جیتنے کے لئے فیورٹ قرار دینا تھوڑا مشکل ہے تاہم بھارت اور پاکستان کو میں اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ قرار دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں روایتی حریفوں کے مابین میچ میں شائقین کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل ہوتا ہے، پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو بڑے سے بڑا میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اکثر جیتا ہوا میچ بھی ہار جاتی ہے۔

برائن لارا نے کہا کہ میں چیمپئینز ٹرافی 2017 کے فائنل میچ والا جوش و خروش دوبارہ دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کا اصل دارومدا ر وہاں کے موسم پر ہوتا ہے، وہاں کب کیسا موسم ہو گا یہ کوئی کہہ نہیں سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اپنے ہوم گراؤنڈ میں ایک مشکل حریف ثابت ہو سکتی ہے تاہم ہم نے پہلے بھی دیکھا ہے کہ وہ کئی موقعوں پر آسان میچز بھی ہاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم ایک منفرد ٹیم بن کر ابھری ہے، یہ ٹیم اب بھارت کے علاوہ دوسرے ممالک میں بھی میچز جیت رہی ہے۔

برائن لارا نے ویسٹ انڈیز کی ورلڈ کپ میں ایک اچھی کارکردگی دکھانے کی امید کی ہے۔


متعلقہ خبریں