فہیم اشرف بقیہ آسٹریلوی سیریز سے باہر


شارجہ: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے بقیہ تین میچوں میں آرام دینے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منیجمنٹ سے مشاورت کے بعد آل راؤنڈر کو پلیئنگ الیون سے الگ کیا ہے۔

فہیم اشرف جلد پاکستان کے لیے روانہ ہوجائیں گے اور ان کے متبادل کوئی کھلاڑی پاکستان سے ٹیم کا حصہ بننے کے لیے نہیں جائے گا کیونکہ پانچ فاسٹ بولر ٹیم کے ساتھ پہلے ہی موجود ہیں۔

فہیم اشرف نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 28 رنز بنائے تھے جبکہ 50 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔ دوسرے میچ میں انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 بالوں پر اتنا ہی اسکور بنایا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق سلیکشن کمیٹی ورلڈ کپ سے پہلے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دینا چاہتی ہے تاکہ وہ اہم ایونٹ میں تازہ دم ہو کر کھیلیں۔

مزید پڑھیں: فنچ کی شاندار سینچری، پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست

واضح رہے کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد سمیت چھ اہم کھلاڑیوں کو پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 27، چوتھا 29 اور پانچ میچ 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ رواں سال 30 مئی سے 14 جولائی کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ورلڈ کپ کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، اس سے قبل قومی ٹیم کا پانچ ایک روزہ اورایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کا بھی مقابلہ ہوگا۔

اس کے علاوہ پاکستان کو میگا ایونٹ سے قبل تین وارم اپ میچز سے بھی اپنی تیاری بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں