ملتان سمیت پنجاب کے 5 شہروں میں ڈینگی حملہ کا خدشہ


ملتان: اسپیشل برانچ نے ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ڈینگی کے حملہ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

اسپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں ڈینگی سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی بھی سفارش کی جب کہ ڈینگی کے حوالے سے محکمہ صحت کے اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پنجاب میں موسم بدلتے ہی ڈینگی وائرس بھی پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اسپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں ملتان سمیت پنجاب کے 5 شہروں میں ڈینگی الرٹ جاری کر دیا گیا جب کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے متعلقہ اضلاع کے محکمہ صحت کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ لاروا برآمد ہونے والے علاقوں میں اسپرے کیا جائے جب کہ گندگی اور کھڑے پانی کا نکاسی نظام بھی بنایا جائے۔

اسپیشل برانچ نے سرکاری اسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ ملتان میں گزشتہ6 ماہ کے دوران 889 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

اس سے قبل اسپیشل برانچ نے ڈینگی کنٹرول پروگرام سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی تھی اور لاہورمیں 10 ہزارسے زائد ڈینگی مچھر کی افزائش کے پوائنٹس نے سرویلنس ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں لاہور میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے دس ہزار سے زائد مقامات

اسپیشل برانچ نے ڈینگی کی افزائش کی رپورٹ اور سفارشات متعلقہ حکام کو بھجوائی تھیں جس میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گجرانوالہ اور  شیخوپورہ میں ڈینگی بریڈنگ اسپاٹس کی نشاندہی کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 10 ہزار 662 پوائنٹس ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔ راولپنڈی میں 5 ہزار 590  اور گجرانوالہ میں 11 سو 61 مقامات پر ڈینگی مچھر کی افزائش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح ضلع ملتان میں 440 اور ضلع شیخوپورہ میں 238 مقامات ڈینگی کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ موسمی تبدیلی کے باعث ڈینگی مچھر کے افزائش کے مقامات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ جن علاقوں میں ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے وہاں درختوں کے نیچے کھڑے پانی کو بھی چیک کیا جائے۔


متعلقہ خبریں