آن لائن ٹیکسی کریم کا 3 ارب 10 کروڑ ڈالر میں فروخت کا امکان

آن لائن ٹیکسی کریم کا 3 ارب 10 کروڑ ڈالر میں فروخت کا امکان

فوٹو: فائل


دنیا بھر میں شہریوں کو آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والے کمپنی کریم کے 3 ارب 10 کروڑ ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔

آن لائن ٹیکسی کریم کی بولی ایک دوسری آن لائن کمپنی اوبر کی جانب سے لگائی گئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دو روز میں کریم کی فروخت کا معاہدہ طے پا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے کریم کمپنی کے فروخت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اوبر کمپنی کی جانب سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر نقد ادائیگی کی جائے گی جب کہ باقی کی رقم شیئرز کی صورت میں کریم کو ادا کی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوبر جلد اپنے شیئرز کو بھی عوام میں فروخت کے لیے پیش کر دے گا جو آئندہ ماہ متوقع ہے جب کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کی مالیت 100 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

آن لائن ٹیکسی کمپنیاں اوبر اور کریم نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

خیال رہے کہ کریم، جس کے پیچھے سعودی شہزادے الولید بن طلال کی سرمایہ کاری کمپنی اور جاپان کی بڑی ای کامرس کمپنی راکوتین ہیں، انہوں نے 2016 میں فنڈنگ مرحلے میں اس کی لاگت ایک ارب ڈالر لگائی تھی اور اسے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس میں سے ایک بنا دیا تھا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق دبئی سے تعلق رکھنے والی آن لائن کمپنی کریم کی سروس دنیا بھر کے 90 شہروں میں موجود ہے جب کہ کریم کے 10 لاکھ سے زائد ڈرائیورز اور 3 کروڑ سے زائد صارفین موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اوبر ٹیکنالوجیز امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک عالمی لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹیشن کمپنی ہے جو اپنی ترقی کے مزید مواقع ڈھونڈ رہی ہے کیونکہ اسے اپنے حریف لفٹ سے سخت کاروباری مقاملے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں