ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک بار پھر معطلی کے بعد بحال



لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ ان  کا ٹوئٹر اکاؤئنٹ مریم نواز کی شکایت پر ایک بار پھر معطل کر دیا گیا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ شکایت کے باعث جزوی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ٹوئٹر انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف قیدی ہیں اور ان کی معلومات عوام کے ساتھ شیئر کرنا میری ذمہ داری ہے جب کہ مریم نواز نے شکایت کی ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق معلومات عوام کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سابق وزیر اعظم کی صحت سے متعلق آگاہی دینا میری ذمہ داری ہے اور حکومت نے یہ ذمہ داری مجھے سونپی ہے اس لیے میں اپنی ذمہ داری بحسن خوبی ادا کرتا رہوں گا۔

شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ میرا اکاؤنٹ مریم نواز کی شکایت پر معطل کیا گیا ہے۔

کچھ دیر معطل رہنے کے بعد شہباز گل کا ٹوئٹر ہینڈل بحال کردیا گیاہے ۔

واضح رہے کہ شہباز گل کا ٹوئٹر اکاؤنٹ رواں سال دوسری مرتبہ معطل کیا گیا ہے اس سے قبل اُن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ جنوری میں معطل کیا گیا تھا۔

ٹوئٹرانتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا اکاؤنٹ پالیسی کی خلاف ورزی پرمعطل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ڈاکٹرز نے نواز شریف کی تمام رپورٹس کو نارمل قرار دے دیا

نواز شریف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سزا کے باعث لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔

نواز شریف کو سزا

24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا گیا تھا۔

نواز شریف پرالعزیزیہ ریفرنس میں قید کے علاوہ  تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا جب کہ دونوں ریفرنسز میں نواز شریف کے بیٹے حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ  گرفتاری جاری کیے گئے۔

پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں اپنا دفاع پیش کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ نوازشریف نے اپنے بیان میں العزیزیہ کی ملکیت اور قطری شہزادے کی خط سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں