این آر او لینے کے لئے بلیک میل کیا جارہاہے، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے احتجاج کے لیے اپوزیشن کو کنٹینر فراہم کرنے کی ایک بار پھر پیشکش کردی۔ وزیراعظم نے کہا اپوزیشن چوری بچانے کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کر رہی ہے۔ یہ لوگ این آر او کے لیے بلیک میل کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو کنٹینر دینے کی پیشکش کر تے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو احتجاج کا شوق ہے تو ہم انہیں یہ سہولت دینے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی،، نہ ہی کوئی این آر او ملے گا،وزیراعظم عمران خان نے واضح کردیا،،کہتے ہیں اپوزیشن رونا دھونا چاہتی ہے تو احتجاج کے لیے کنٹینر دینے کو تیار ہوں۔

’کس قانون کے تحت نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے، عمران خان‘

وزیراعظم ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو علاج کی مکمل سہولیات دے رہے ہیں، کس قانون کے تحت بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا جائے،،نوازشریف نے 30 سال حکومت کی،ایک فیکٹری سے 30 فیکڑیاں بنائیں لیکن ایک اسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہو سکے۔

عمران خان نے کہا اسحاق ڈار کے والد کی سائیکلوں کی دکان تھی،نواز شریف کو ساری سہولیات دے رہے ہیں، اپوزیشن پارلیمان میں مجھے دیکھتی ہے تو ان کی شکلیں بگڑ جاتی ہیں، اپوزیشن کے مطالبے پر کمیشن بنایا مگر پھر بھی مجھے تقریر نہیں کرنے دی، اپوزیشن چوری بچانے کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو نیب سے خوف زدہ ہوکر رو رہے ہیں۔  پیپلزپارٹی نے ماضی میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی۔ عمران خان نے کہا ایان علی اور بلاول بھٹو کے ائیرٹکٹس ایک ہی جعلی اکاونٹس سے بنائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا نیب ہمارے نیچے نہیں ہے۔ سابقہ چیئرمین نیب نے بہت سے کیسز ختم بھی کئے۔موجودہ  چیئرمین نیب خود ان لوگوں نے مل کر مقرر کیاہے۔ جمہوریت بچاؤ پارٹی کے خلاف ہم نے کیسز نہیں بنائے، بلاول کو پتہ ہونا چاہیئے ان کے خلاف کیسز ن لیگ کے دور میں بنے۔

وزیراعظم نے کہا عوام ہمارے ساتھ ہے، نیب نے بلایا ہے، اس پر عوام کیوں باہر نکلے گی۔میرا کیس ایک سال چلا، میں نے ہر چیز کورٹ کو فراہم کی،ان لوگوں نے تو ایک کاغذ بھی کورٹ کو نہیں دیا۔ انکی طرف سے جو کاغذات دکھائے گئے وہ فراڈ نکلے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ پر بھی  اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا 7ماہ میں کابینہ کے جتنے اجلاس کیے نوازشریف نے5سال میں نہیں کیے،وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ کے پیمحمود خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔  پی ایم آفس کے 35 کروڑ کے اخراجات کم کئے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کا ٹیکس ان کی فلاح پر ہی لگے گا،عمران خان نے علاقائی کرکٹ کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا کہا اسپورٹس بورڈ میں نظام کو مکمل طور پر تبدیل کررہے ہیں۔ 

’طالبان مجھ سے ملنا چاہتے تھے،افغان حکومت کے اعتراض پر نہیں ملا، عمران خان‘

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا سکتا ہے۔الیکشن سے پہلے بھارت سے تعلقات بہترہونے کی توقع نہیں،ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ڈومور کی رٹ لگانے والا امریکہ آج ہماری تعریف کررہا ہے۔ امریکہ سمجھتا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کرا سکتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ افغان طالبان مجھ سے ملنا چاہتے تھے لیکن افغان حکومت کے احتجاج پر نہیں ملے، افغان حکومت چاہتی ہے کہ وہ خود طالبان سے مل کر حالات بہتر بنائے،  افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا، افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، ٹرمپ کے بیان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:عمران خان کو اب کنٹینر سے اتر جانا چاہیے، فرحت اللہ بابر

یہ بھی پڑھیے: اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈال کر این آر او چاہتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم  عمران خان نے کہا آئندہ چند دنوں میں  گیس کی دریافت سے متعلق بڑی خوشخبری مل سکتی ہے۔  اگر گیس دریافت ہو گئی تو یہ ایشیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہو گا۔۔ وزیراعظم عمران خان نے جہاں گیس ملنے کی خوش خبری سنائی وہیں گیس مہنگی ہونے اور شارٹ فال کی وجوہات بھی بیان کیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ گیس کی مہنگائی اس کے شارٹ فال اور ایل این جی کی وجہ سے ہے، ہم 1400 مکعب فٹ گیس خریدتے ہیں اور 650 روپے میں بیچتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے انرجی بحران کی وجہ ٹرانسمیشن لائن کی خرابی  کو قرار دیا، کہا پچھلے ادوار میں ٹرانسمیشن لائنز پر کوئی کام نہیں ہوا۔

چین،ملائیشیا،سعودی عرب اوریواےای پاکستان میں سرمایہ کاری کررہےہیں۔۔وزیراعظم نے کہا کہ جب حکومت ملی تو ریکارڈ خسارہ تھا، عمران خان نے یقین دلایا کہ وہ چاہتےہیں کہ خسارہ کم ہو،انہوں نے کہا کہ وہ قوم سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ان کا ساتھ دیں گے۔

 

‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے  وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل جاری کیاہے ۔

’نااہلی چھپانے کے لئے اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، مریم اورنگزیب‘

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نیب اور این آر او کی رٹ لگا کراپنی نااہلی چھپانے کے لئے اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔  پچھلے پانچ سال آپ نواز شریف اور شہباز شریف کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، اب بھی صرف نواز شریف اور شہباز شریف کا خوف آپ پر طاری ہے۔ اپوزیشن آپ کی نالائقی اور عوام دشمن ذہنیت کے خلاف جیسے اکٹھی ہو رہی ہے، آپ جھوٹ بولنے کے اپنے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ رہے ہیں

انہوں نے کہا  آپ پہلے وزیراعظم ہیں جو اپنی نااہلی کو وجہ سے اپوزیشن کو کنٹینر دینا چاہتی ہے لیکن ہم آپ کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے ۔قوم آپ کو آپکی نالائقی ، نا اہلی اور جھوٹے وعدوں کی وجہ سے مسترد کرے گی انشااالہ اور آپ خود جلد کنٹینر پر ہوں گے۔ عمران خان نے اپنے بیان سی عدالت پہ اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ عمران خان صاحب اپوزیشن نہیں آپ کو عوام دشمن پالیسیوں اور نالائقی کی وجہ سے پوری عوام رو رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاعمران صاحب اب آپ کا جھوٹ نہیں چلے گا اب آپ کنٹینر پر نہیں ہیں،اب آپ این آر او این آر کی جھوٹی رٹ لگا کے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ قوم کو بتائیں آپ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو این آر او دے چکے ہیں؟ قوم کو بتائیں کہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کے خلاف کاروائی کیوں نہیں شروع کرواتے؟

’عمران خان بلاول بھٹو کے سوالات سے خوف زدہ نظر آتے ہیں، نفیسہ شاہ‘

پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ نے عمران خان کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے بیان جاری کیا کہ توانائی کے بحران کی ذمہ داری عمران خان نے ترسیل کے نظام پر ڈال دی ہے عمران خان اِدھر اُدھر کی بہانے بازیوں سے اپنی نااہلی نہیں چھپاسکتے۔

نفیسہ شاہ نے کہا عمران خان تاریخ کے نکمے ترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو نے سینہ تان کر احتساب کے جانبدارانہ عمل کا سامنا کیا ہے۔ بلاول بھٹو نہ ڈرنے والے ہیں اور نہ جھکنے والے ہیں۔حکومت کو ایک سال ہونے والا ہے، کوئی ایک ڈھنگ کا کام نہیں کیا۔

انہون نے کہا منی لانڈرنگ کا الزام پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ ہےعمران خان بلاول بھٹو کے سوالات سے خوف زدہ نظر آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں