اسد منیر کی مبینہ خودکشی: چیئرمین نیب کا خود انکوائری کا فیصلہ


اسلام آباد: چیئرمین  قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسد منیر کی مبینہ خودکشی کی خود انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسد منیرکی مبینہ خودکشی کی انکوائری کا فیصلہ چیئرمین نیب نے کیا ہےاوران سےمتعلقہ تمام ریکارڈ نیب راولپنڈی سےفوری طلب کرلیا ہے۔

برگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر نے گزشتہ ہفتے مبینہ طور پرخود کشی کرلی تھی اوران کی لاش ڈپلومیٹک انکلیومیں ان کے فلیٹ پر پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: برگیڈئیر (ریٹائرڈ) اسد منیر کا نیب کے لئے وائٹ پیپر

پولیس کے مطابق انہوں نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی۔

برگیڈیئر ریٹائرڈ کی مبینہ خود کشی سے قبل لکھا گیا ایک خط ملا تھا جو چیف جسٹس پاکستان کے نام لکھا گیا تھا۔ خط میں نیب کی جانب سے الزامات کو مسترد کیا گیا اورچیف جسٹس کو معاملہ پر نوٹس لینے کا کہا گیا ہے۔

مبینہ خط کے متن میں درج ہے کہ 2008 میں ایف الیون کا ایک پلاٹ چیئرمین سی ڈی اے نے ری اسٹور کیا، میں 2006 سے 2010 تک ممبر اسٹیٹ رہا، میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اسپیشل انویسٹیگیشن ونگ نیب راولپنڈی رہا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میرے کیس کے انویسٹی گیشن افسران غیر تربیت یافتہ اور نا اہل ہیں، میں اپنی زندگی کی قربانی دے رہا ہوں اس امید کے ساتھ کہ چیف جسٹس اس سسٹم میں بہتری لائیں گے جہاں نیب کے کچھ افسران لوگوں کی عزت اور زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بریگیڈئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی پر سپریم کورٹ کا نوٹس

برگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کے مبینہ خط میں تحریر ہے کہ 2017 کے بعد سے نیب نے میری زندگی اجیرن کر رکھی ہے، میرا نام ای سیل میں رکھا گیا، نیب میرے خلاف تین کیسز میں تحقیقات اور دو انکوائریاں کی جا رہی ہیں۔

خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ میں ہتھکڑی میں میڈیا کے سامنے ذلیل نہ ہوں اس لیے خود کشی کر رہا ہوں۔

اسد منیر کی صاحبزادی مینا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نیب کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیب اپنی انکوائری خود کرے گا ؟۔ انہوں نے نیب گردی نامنظور کا ٹرینڈ بھی چلایا۔

 

ادھر بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے بھی اسد منیر کی بیٹی کے موقف کی تائید کی ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رٹائرڈ برگیڈیئر اسد منیر صاحب نے اپنی خودکشی کا الزام نیب پر عائد کیا اور اب ملزم فریق خود اپنی ہی تحقیقات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا کارٹون چینل چل رہا ہے ، میں کیسے اسے بند کر سکتی ہوں ؟

 

انصاف چاہئے اور آپ اپنی تحقیقات خود نہیں کر سکتے۔ بختاور بھٹو نے کہا کہ پینڈورا باکس کلھنا چاہئے تاکہ عوام دیکھیں اور اس کا آغاز آج سے ہی کیا جائے۔ بختاور بھٹو نے نیب کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

نیب کے اس فیصلے کو ہر طرف سے تنقید کا نشانہ بنا کر مسترد کیا گیا ہے۔ سیاسی، سماجی کارکنوں اور صحافیوں نے بھی نیب کے اس فیصلے پر تنقید کی اور مسترد کیا۔ اکیس مارچ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بھی اسد منیر کی خودکشی کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمن نیب سے جواب طلب کر لیا تھا۔ چیئرمن نیب نے بھی معاملے کی خود انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں