چین سے دو ارب 10 کروڑ ڈالر پاکستان کو موصول

غیر ملکی قرض

اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب 10 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔

ترجمان وزرات خزانہ ڈاکٹر خاقان حسن نجیب نے کہا ہے کہ چینی قرض سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، اس رقم سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ چین نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور روپے کی قدر میں مزید کمی کو روکنے کیلئے دو ارب ڈالر امداد پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا تاہم تین دن پہلے وزرات خزانہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ضابطےکی تمام کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، چین سے 25 مارچ کو رقم پاکستان منتقل ہوجائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے فوری طورپرآئی ایم ایف سے رجوع کرنے کے بجائے دوست ممالک سے مالی امداد لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دو دوروں کے نیتجے میں سعودی عرب نے پاکستان کے لیے چھ ارب ڈالر امداد کی حامی بھری تھی جس میں سے تین ارب ڈالر پاکستان کو مل چکے ہیں۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی فنڈ برائے ترقی نے بھی پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرا رکھے ہیں۔


متعلقہ خبریں