ہندو لڑکیوں کی شادی کے بارے میں متضاد خبریں آ رہی ہیں، گورنر سندھ


اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے اریب سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اریب ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا۔ اس کے والد نے اپنی دکان فروخت کرکے اسے چارٹڈ اکاؤنٹنٹ بنایا جس کے بعد اریب کو نیوزی لینڈ میں نوکری مل گئی تھی۔

گھوٹکی میں جبری مذہب تبدیل کروانے کے واقعے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اس طرح کسی کو جبری مسلمان کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ دو ہندو لڑکیوں کی شادی کے بارے میں متضاد خبریں آ رہی ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے مزید کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے ساتھ جو حسن سلوک روا رکھا وہ سب حکمرانوں کے لئے ایک بہترین مثال ہے۔

پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ان کے ٹرین مارچ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا بھارتی جہازوں سے متعلق بیان انتہائی غیرذمہ درانہ تھا جسے بھارت کا میڈیا پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے جس میں رینجرز اور پولیس کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

ہندو لڑکیوں کے والدین کے بیان کی روشنی میں ان کی عمر کا تعین کیا گیا، ڈاکٹر جمیل احمد 

ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ ہولی کے تہوار کا جشن منایا جا رہا تھا۔ اسی دن یہ لڑکیاں شام کو گھر سے نکلیں تاہم اس کے بعد وہ گھر نہیں آئیں جس پر ان کے والدین نے پولیس کو بتایا جس کے بعد پولیس نے ان کی باقاعدہ تلاش شروع کردی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو اس کیس سے متعلق جو لڑکیوں کے والدین نے بیان دیا اس پر ایف آئی آر درج کر لی گئی، لڑکیوں کے والدین نے ان کی عمریں 14 اور 16 سال لکھوائی ہیں تاہم ان کا کوئی برتھ سرٹیفیکیٹ نہیں دیا گیا۔

جبری مذہب تبدیلی کے قوانین موجود ہیں مگر ان پر عمل درآمد کرانے کا فقدان ہے، فیصل صالح حیات 

رہنما پیپلز پارٹی فیصل صالح حیات نے کہا کہ گھوٹکی کا سماجی ڈھانچا ایسا ہے جہاں ایسی واقعات اکثر رو نما ہوتے رہتے ہیں، جبری مذہب تبدیلی سے متعلق تمام قوانین موجود ہیں مگر اس پر عمل درآمد کرانے کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ این آر او کو کالعدم قرار دے چکی ہے تو حکومت کیسے ہمیں این آر او دے سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی باتوں کو اہمیت نہیں دینی چاہئے ان کی باتوں کا مقصد محض میڈیا کی اسکرینوں کی زینت بننا ہے۔

نواز شریف کو کسی بھی قسم کا ریلیف عدالت دے سکتی ہے، حکومت نہیں، ہمایوں اختر خان

رہنما پاکستان تحریک انصاف ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اقلیتوں سے متعلق ویژن سب کے سامنے ہے جس کی بہترین مثال کرتارپور راہداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی بھی قسم کا ریلیف عدالت دے سکتی ہے حکومت نہیں تاہم حکومت انہیں جیل میں ہر قسم کی طبی سہولیات دینے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جلد آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے تاہم یہ پاکستان کی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف پلان ہو گا۔

 

 


متعلقہ خبریں