سپریم کورٹ، شوکت عزیز صدیقی کی درخواست سماعت کے لیے منظور


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی ججز کی رہائش گاہوں کے اخراجات کی تفصیلات کے لیے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔

سپریم کورٹ میں سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل کی درخواست کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے شوکت عزیز صدیقی کی اپیل کو نمبر لگانے کا حکم دیا ہے۔

شوکت عزیز صدیقی نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی رہائش گاہوں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا دیے تھے، سابق جج نے رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ سابق جج کے عہدے سے ہٹانے جانے سے متعلق ایک درخواست پراعتراضات ختم کرکے سماعت کے لیے پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کو متنازع تقریر کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر صدر عارف علوی نے 11 اکتوبر 2018 کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کی جانب سے اداروں کے خلاف متنازع تقریر کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا۔

شوکت عزیز صدیقی نے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے خفیہ ادارے پر عدالتی امور میں مداخلت کا الزام لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں