’بولنگ میں غلطیوں کے باعث دوسرے ون ڈے میں بھی شکست ہوئی‘

فوٹو: فائل


شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ بولنگ میں غلطیوں کے باعث دوسرے ون ڈے میں بھی شکست ہوئی، ہمیں شروع میں ہی آسٹریلیا کی وکٹیں گرانی چاہئیں۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تیسرے ون ڈے میں مزید نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے، آسٹریلیا کے خلاف پرفارم کر کے ان کے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کا سنہری موقح ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری اسکور کرنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی یا کلب کسی بھی پلیٹ فارم پر سنچری بنانا بہت بڑی بات ہوتی ہے۔

محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ہمیشہ نیچے کھلایا گیا، پہلی مرتبہ مڈل آرڈر پر کھیلنے کا موقح ملا اور میں نے اپنی صلاحتیں دکھا دیں۔

خیال رہے کہ گرین شرٹس کنگروز کے خلاف پانچ میچ کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز ایک ہی پیٹرن پر ہاری ہے۔

دونوں میچوں میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور دونوں ہی مچوں میں 280 کے لگ بھگ ہدف دینے میں کامیاب رہی۔

تاہم اپنی بولنگ کے لیے مشہور پاکستانی ٹیم آسٹریلوی بلے بازوں کی وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اس سیریز کے لیے پاکستان کے 6 کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی آرام کی غرض سے وطن واپس بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں