نومبر میں کرتار پور راہداری کھول دی جائے گی، فواد حسین چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ رواں سال نومبر میں کرتار پور راہداری کھول دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سےمتعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں نئی سول ایوی ایشن پالیسی کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 170 ممالک کو ای ویزا کے اجرا کا معاملہ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے

فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے، اسی لیے وہ پاکستان میں  اپنا اعلاج جہاں چاہے کرا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا سارا کٹھا چٹھا آج عدالت میں کھل گیا، انہیں چاہیئے اب  قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں کیونکہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ پیسہ بھی واپس نہ کریں اور باہر چلے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ خواجہ حارث کو بھی نوازشریف کو پیسہ واپس کرنے کا مشورہ دینا چاہئے۔

شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر جلد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کے خلاف جلد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں خواتین کو پائلٹ بنانے کے لیے ایک اسکیم کا اعلان کیا جا رہا ہے، جس کے تحت چار لاکھ فیس دے کر خواتین پائلٹ بننے کا کورس کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کپییٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو شہرمیں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور دونوں شہروں میں بلند و بالا عمارتیں تعمیر کرنے کا کہا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے پہلی مرتبہ ٹرین کی ٹکٹس خریدی ہیں

بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پہلی مرتبہ ٹرین کی ٹکٹس خریدی ہیں جس کےلیے گیارہ لاکھ  روپے ادا کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیرنے بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کو ایک اچھی سرگرمی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم

انہوں نے کہا کہ وفاق سے سندھ کے نام پر پیسے لیےجارہے ہیں، صوبائی حکومت میں وزیراعلیٰ اوراسپیکرسندھ اسمبلی کرپشن میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دبئی اور لندن میں جائیدادیں خرید رہی ہے، اسپیکر سندھ اسمبلی گرفتاری کےباوجود اجلاس ختم نہیں کرتے، پیپلزپارٹی میں کوئی ایسا مرکزی رہنما نہیں جس پر الزام ہو۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کرپشن کو اپنا نظریہ بنا دیا ہے، لوٹے ہوئے مال کا بڑا حصہ آصف زرداری اور نوازشریف کے پاس ہے۔


متعلقہ خبریں