جھوٹی خبروں کی روک تھام، واٹس ایپ نیا فیچر متعارف کرائے گا


سماجی رابطے کی سب سے مقبول ترین ایپ واٹس ایپ نے جھوٹی خبروں کی روک تھام اور ان کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید فیچرز متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘فریکوئنٹلی فارورڈ’ نامی فیچر میں ایک سے زائد بار بھیجے گئے پیغام پر لیبل آجائے گا۔

فیچر فریکوئنٹلی فارورڈ اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہوگا جبکہ آئی او ایس میں یہ ورژن ملے گا یا نہیں اس کے بارے میں اب تک  کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت ایسے پیغامات پر فریکوئنٹلی فارورڈ  کا لیبل آجائے گا جسے پانچ یا اس سے زائد بار شیئر کیا جائے گا۔ صارفین میسج انفو سیکشن میں جا کر یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ اس مخصوص میسج کو اب تک کتنی بار فارورڈ کیا جاچکا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے فیچر سے لوگوں کو سنسنی پھیلانے والے پیغامات کو آگے شیئر کرنے سے پہلے دوبار سوچنا پڑے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

ویسے تو وٹس ایپ اپنے آئی فون اور اینڈ رائڈ صارفین کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کراتا رہتا ہے جبکہ اب  واٹس ایپ نے آئی او ایس کے لیے شارٹ لنک فیچر متعارف کرا دیا ہے جو اس سے قبل صرف اینڈ رائڈ کے صارفین کے پاس تھا۔

واٹس ایپ شارٹ لنک فیچر کاروبار سے منسلک صارفین کے لیے بنایا گیا ہے جس میں لنک شیئر کرنے کا طریقہ کار کو بہت آسان بنا دیا گیا ہے۔

کاروبار سے منسلک لوگ WA.ME کا یو آر ایل استعمال کرتے ہوئے دوسرے کاروباری اداروں سے فوراً بات چیت شروع کر سکیں گے، اس فیچرڈ کا مقصد کاروباری حضرات کے لیے ایک مختص کمیونٹی سے اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنا ہے ۔


متعلقہ خبریں