سیاسی ہوا حکومتی ناکامی کے باعث بدلی ہے،شاہدخاقان


اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، حکومت پانچ سال کے لیے آئی ہے لیکن ایک سال اوربھی گزار لے توبڑی بات ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیومیں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے معیشت کا اتنا برا حال کیا ہے جتنا ماضی میں کبھی نہیں ہوا ہے، عوام زیادہ دیر تک اسے برداشت نہیں کرپائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت حالات وہاں بھی رکھنے میں ناکام رہی جہاں ہم چھوڑ گئے،وزیراعظم اور وزراء کا موقف الگ الگ ہے، مجھے خدشہ ہے یہ آپس میں ملتے نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم جس طرف جارہے ہیں وہاں زیادہ امید نظرنہیں آتی، جس ملک میں سیاسی نظام تباہ ہوجائے وہ ملک تباہ ہوجاتے ہیں، اچھے ہیں یا برے سیاستدانوں کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اس دور میں سب سے اچھا ڈیلیورکیا ہے، ہم نے ملک کے مسائل حل کیے، اس حکومت کو صرف کرنٹ اکاونٹ خسارہ ورثے میں ملا۔ نوازشریف کے یہاں سے بھاگنے کا کوئی خدشہ یا خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے سامنے حاضرہوں ہرطرح کا جواب دینے کو تیارہوں، ہمیشہ اپنی وزرات کے ہرکام کی ذمہ دارقبول کی ہے، اگر مقصد بدنامی ہے تو کامیابی ہوتی ہے لیکن کرپشن کے خاتمے میں مدد نہیں مل رہی، یہ کالاقانون ہے اس نے ملک کی ترقی کو روک رکھا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کے کیسز آگے بڑھنے کا مطلب یہ ہے کہ ان معاملات میں کوئی الزام یا ثبوت نہیں ہیں، کرپشن ختم کرنے کا صرف ایک طریقہ ہے اور وہ ہے ٹیکس کے قانون کو درست کرنے میں۔ ٹیکس قانون سے کرپشن پکڑسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سب سے بڑادشمن عمران خان ہی ہے، جھوٹ اور کم ظرفی سیاست میں نہیں چلتی، ہماری قیادت نے عمران خان کی ہمیشرہ سے متعلق بات کرنے سے منع کیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاون کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ افسوسناک ہے، بظاہر اس فیصلے کا کوئی جواز نہیں ہے کہ یہ کس قانون کے تحت ایسا کیا گیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت کا فیصلہ انسانی بنیادوں پر ہے، حکومت اگر اجازت دے دیتی تو بات یہاں تک نہ جاتی۔ آج کا فیصلہ حکومت کے منہ پرطمانچہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کا بچہ بچہ کہتا ہے عمران خان کو اسٹبلشمنٹ لائی ہے، یہ بدقسمتی ہے کہ ہرسیاست جماعت کا آغاز ایک ہی طریقے سے ہوا، کچھ نے سبق سیکھ لیا ہے اور کچھ سیکھ رہے ہیں لیکن بنیادی بات یہ ہے کہ ملک آئین کے تحت نہیں چلے گا تو ترقی نہیں کرے گا۔

سابق وزیراعظم نے دعوی کیا کہ اگر منی ٹریل کا پوچھ لیں تو عمران خان کی کابینہ کے ستر فیصد وزیرپکڑے جائیں گے، یہ نالائقوں کی حکومت ہے، حکومت نااہلی کے سبب ٹیکس اکٹھا کرنے میں ناکام ہورہی ہے۔

نوازشریف کو ریلیف کی تاریخ میں نظیرنہیں ملتی،اعتزاز احسن

پیپلزپارٹی کے سئینر رہنما اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ  نوازشریف اپنی منی ٹریل پیش نہیں کرسکے اس لیے ان کی قانونی مشکلات میں اضافہ ہوا اور وہ جیل میں ہیں۔ نوازشریف کو جو ریلیف دی گئی ہے اس کی قانون میں نظیرنہیں ملتی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے کوئی راستہ نہیں بنایا، یہ عدالت کا فیصلہ ہے، چیف جسٹس کسی منصوبے میں شریک ہونے والے شخص نہیں ہیں، وہ صرف انصاف پر مبنی ہی فیصلہ کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں