نوازشریف کو ماضی میں عدالتوں سے ریلیف ملا،اعتزاز احسن


اسلام آباد:  پیپلزپارٹی کے سئینررہنما اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کو عدالتوں سے سب سے زیادہ ریلیف ملنا تاریخ کا حصہ ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقارخان سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے کہا کہ یہ تاریخ ہے کہ ماضی میں نوازشریف کو عدالتوں سے ریلیف ملتی رہی ہے، سپریم کورٹ پر ن لیگ نے حملہ کیا لیکن ان کے خلاف کچھ نہیں ہوا، ججوں کو دھمکی دے کربے نظیراور آصف زرداری کو سزائیں دلوائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان معاہدہ کرکے سعودی عرب گیا لیکن جو تیس دن میں درخواست سنی جانی تھی وہاں آٹھ سال بعد بھی سنی گئی۔

اعتزازاحسن نے کہا نوازشریف کو غیرمعمولی ریلیف ملی ہے، یہ فیصلہ اب دوسرے قیدیوں کے لیے بھی ریلیف کا سبب بنے گا۔

نوازشریف رہانہیں ہوئے، بلکہ علاج کے لیے باہرآئے ہیں،محمدزبیر

مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیرنے کہا کہ عدالتی فیصلے پرجس چیز سے اختلاف ہو اس پر رائے دی جاسکتی ہے، نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کے حوالے سے تحفظات تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نوازشریف کے کیس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے بلکہ انہیں علاج کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وفاقی وزیر شیخ رشید کی جانب سے سیاسی لڑائی میں اداروں کو لانا دانشمندی کی بات نہیں ہے،عمران خان کو اس حوالے سے پوچھنا چاہیے۔

عدالتی فیصلوں کو پہلے بھی قبول کیا،اب بھی کریں گے،عثمان ڈار

تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارکا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتوں کے فیصلوں کو پہلے بھی قبول کیا اور اب بھی کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کے کچھ لوگ ایسا تاثر دینا چاہتے تھے جیسے حکومت ان کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این آر او نہیں ملے گا، یہ عبوری ریلیف ہے، ان کی سزائیں ختم نہیں ہوئیں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے ہی صوبے میں مارچ کر کیا سندھ حکومت کے خلاف مارچ کیا ہے۔

آج کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ عدالت کا ہے،بہرہ مندتنگی

پیپلزپارٹی کے رہنما بہرہ مند تنگی نے کہا کہ آج کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کا نہیں بلکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا ہے۔ نوازشریف نے علاج سے انکار اس لیے کیا کہ وہ حکومت سے بے عزتی نہیں کرانا چاہتے تھے، دل کے مریض کو دباو میں رکھنا تشدد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو معاشی طورپرنقصان ہورہا ہے۔

سینیٹربہرہ مندتنگی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کیسز کا سامنا کیا ہے، پارلیمان، جمہوریت اور عام آدمی کے لیے ہمیشہ کوششیں کی ہیں۔

یہ فیصلہ عدالتی تاریخ کا حصہ بن گیا ہے،عرفان قادر

ماہرقانون عرفان قادر نے کہا کہ عدالت کا آج کا فیصلہ منطقی ہے، عدالتی پہلے کیسز بھی ہوتے ہیں جن سے آگے تاریخ بنتی ہے، اب یہ کسی بھی کیس میں قانونی نظیرکے طورپر پیش کیاجاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ضمانت نہیں ہوئی ہے بلکہ علاج کی غرض سے باہر آئے ہیں۔


متعلقہ خبریں