دہشت گردی کے خلاف مضبوط کیس بہتر انداز میں پیش نہیں کر سکے،فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےاعتراف کیا ہے کہ  دہشت گردی کے خلاف  ہمارا کیس بہت مضبوط تھا لیکن ہم اپنا کیس بہتر انداز میں پیش نہیں کر سکے۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد میں منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بیانیہ رکھتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ہمارا کیس مضبوط تھا لیکن بہتر انداز میں پیش نہ کر سکے۔ بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کی۔فواد چودھری نے کہا  کہ بھارت کو پلوامہ واقعہ پر عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔

فلسطینی مظالم پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی مثال نہیں ملتی اور دنیا بھر میں اسرائیل نے واویلا مچایا ہوا ہے کہ ان کے امن کو خطرہ ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے میڈیا میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے جب کہ میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائبرڈ وار فیئر کا دور ہے اورعہد حاضر میں  وار پراپیگنڈا بنیادی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیںدنیا جان گئی ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن پسند کون ہے، فواد چوہدری

بھارتی دہشت گردی سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو پلوامہ واقعہ پرعالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا اور یہ ثابت ہوا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ واقعہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے الیکشن میں کامیابی کے لیے کروڑوں لوگوں کی زندگی داوَ پر لگائی تاہم دنیا کے سامنے بھارتی وزیر اعظم کا اصل چہرہ عیاں ہو گیا۔

دنیا یہ تسلیم کر رہی ہے کہ بھارتی انتخابات کے لیے پلوامہ واقعہ کو ہوا دی گئی، فواد چوہدری

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کوعالمی میڈیا کے لیے اپنے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی میڈیا اورسیاح پاکستان کی خوبصورتی دیکھیں۔


متعلقہ خبریں