وزیر اعظم عمران خان 27 اپریل کو تین روزہ دورے پر چین جائینگے


اسلام آباد:وزیر اعظم عمران کا آئندہ ماہ دورہ چین کا شیڈول طے کر لیا گیاہے ۔ وزیر اعظم 27 اپریل کو تین روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہوں گے ۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتا یا کہ وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ سمیت کابینہ ارکان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ وزیر اعظم دوسرے ’’ون بیلٹ ون روڈ فورم‘‘ میں شرکت کریں گے۔

ون بیلٹ ون روڈ فورم  میں دنیا بھر سے100 سے زائد ممالک کے سربراہان اور مندوبین شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان فورم کی سائیڈ لائن پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیر اعظم دورہ چین کے دوران صدر ، وزیر اعظم سمیت اعلی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

وزیر اعظم پاکستان ان اہم ملاقاتوں میں پاک چین راہ داری منصوبے پر بات چیت کرینگے۔

یہ بھی پڑھیے:وزیر اعظم کا دورہ: چین اور پاکستان کے درمیان 15معاہدوں پر دستخط

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ برس نومبر  میں بھی چین کے دورے پر گئے تھے ۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا چین کا پہلا دورہ تھا۔

پاکستان اور چین نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور انکے  چینی ہم منصب لی کی چیانگ  بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کیے ۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم کا دورہ چین: دونوں ممالک کا مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق

دورے میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  سمیت اعلیٰ سطحی وفد  بھی شامل تھا ۔

وزیر اعظم عمران خان  نے ایشیا ترقیاتی بینک کے صدر جی لی کن اور چین کے عالمی امور کے وزیر سونگ تاؤ سے بھی ملاقاتیں  کی تھیں۔


متعلقہ خبریں