سمجھوتہ ایکسپریس، شیخ رشید نے عالمی عدالت جانے کا اعلان کر دیا


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سمجھوتہ ایکسپریس کیس میں عالمی عدالت جانے کا اعلان کر دیا جب کہ ملکی سیاست میں شہباز شریف کو تمام بارگین کا ماسٹر مائنڈ قرار دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کیس پرعالمی عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں، یہ سانحہ میرے دور وزارت میں پیش آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے چاروں ملزمان بری

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے نواز شریف اور شہباز شریف کے پیسے کہاں ہیں۔ دونوں بھائی کبھی پیسے واپس نہیں کریں گے جب کہ آصف زرداری پیسہ پھینک تماشہ دیکھ کرتے ہیں اور وہ پیسہ دے بھی دیں گے۔

سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کا کوئی مستقبل نہیں ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر نے کہا کہ کاش نوازشریف خاندان وہ کرتا جو کہتے ہیں کیونکہ یہ باہر سے کچھ  اور اندرسے کچھ ہیں جب کہ یہ اپنے مفاد کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ لوگ جرات سے جیل کاٹتے ہیں جب کہ نواز شریف بہانے کر رہے ہیں۔ تمام بارگین کا ماسٹر مائنڈ شہباز شریف ہے

شیخ رشید نے کہا کہ میں نیب آرڈیننس تبدیل کرنے کے حق میں ووٹ نہیں دوں گا۔ ملک میں کرپٹ اورچوروں کی انتہا ہے جب کہ کرپٹ لوگ وکٹری کا نشان بناتے ہیں۔ کلین اور گرین کا نعرہ ہم نے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کا سہرا وزیر اعظم اور آرمی چیف کو جاتا ہے جب کہ پاکستان کے پاس جدید میزائل موجود ہیں اور 21 میزائل بھارت پر حملے کے لیے تیار ہیں۔ مودی نے چالاکی سے ایسی جگہ بم گرائے جہاں کوئی نہیں تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نریندر مودی نے پلوامہ حملہ الیکشن میں کامیابی کے لیے کیا تھا۔ پاکستان کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود ہے۔ بھارت کی جدید آبدوز نشانے پر آنے کے باوجود پاکستان نے جانے دی۔

بلاول بھٹو پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں بلاول بھٹو کو اگلی بار اپنا سیلون آفر کر رہا ہوں، بنی گالہ میں کوئی چیخیں نہیں نکل رہی ہیں۔

ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تفتان سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے گوادر اسٹینڈرڈ گیج کر رہے ہیں جب کہ ریلوے کے کرایوں میں کوئی بھی کمی نہیں کر رہے، ریلوے کو ذاتی طور پر 87 ہزار روپے دیے ہیں۔


متعلقہ خبریں