پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم

پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم

فوٹو:بشکریہ فنانشل ٹائمز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ سرزمین پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی کوئی جگہ نہیں، پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف آج جو کچھ ہو رہا ہےاس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے گا، نئے پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پلوامہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اورمقبوضہ کشمیرمیں ان کی سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی حملے سے دونوں ممالک کو جنگ کے دھانے پر لے آئے، بھارتی وزیراعظم مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہیں، بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، بھارت کے عام انتخابات سے قبل کچھ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اب کسی اور کی جنگ ملک میں داخل نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم

عمران خان نے ملک کی معیشت کے حوالے سے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ اس بار پاکستان آخری بار آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا  یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ(گاہک) ریاست بن چکا ہے، ہم پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔


متعلقہ خبریں